Jharkhand

یوم پیدائش پر یاد کئے گئے مولانا ابوالکلام آزادؒ

13views

مدرسہ اسلامیہ رانچی میں قرآن خوانی اور اجتماعی دعا کا اہتمام

رانچی11 نومبر (راست): آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر تعلیم اور مدرسہ اسلامیہ رانچی کے بانی مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش کے موقع پر سوموار کو مدرسہ اسلامیہ رانچی میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں مدرسہ کے بچوں، اساتذہ اور انجمن اسلامیہ رانچی کے عہدیداران و اراکین نے شرکت کی۔ قرآن خوانی کے بعد مدرسہ کے پرنسپل مولانا شجاع الحق نے مولانا آزادؒ کے کارناموں پر روشنی ڈالی۔ کہا کہ مولانا ابوالکلام آزادؒ کا رانچی سے خاص تعلق تھا۔ نظر بندی کے دوران جب وہ 1916 میں رانچی آئے تو انہوں نے یہاں کے لوگوں میں تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے کے لیے مدرسہ اسلامیہ رانچی کی بنیاد رکھی۔ مولانا نے اس مدرسہ کی تعمیر میں سب کچھ لگا دیا۔ غیر مسلموں نے بھی مدرسہ کی عمارت کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ مولانا شجاع الحق نے کہا کہ مدرسہ اسلامیہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا مولانا آزاد کو حقیقی خراج عقیدت ہوگا۔مدرسہ اسلامیہ کے سکریٹری ڈاکٹر طارق حسین نے کہا کہ مولانا ابوالکلام آزادؒ کا خواب تھا کہ ہمارے قوم کے بچے دینی تعلیم کے ساتھ دنیاوی تعلیم بھی حاصل کریں۔ اس مقصد سے انہوں نے اس مدرسہ کا قیام کیا۔ انہوں نے بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ رکاوٹوں سے نہ گھبرائیں، تعلیم کو اپنا ہتھیار بنائیں۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مدرسہ اسلامیہ کے کنوینر ساجد عمر نے کہا کہ مولانا آزاد نے ہمیشہ ہندو مسلم اتحاد کی وکالت کی۔ جب وہ آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر تعلیم بنے تو انہوں نے یونیورسٹی گرانٹ کمیشن اور دیگر تکنیکی، تحقیقی اور ثقافتی ادارے بنائے۔ ریاستی وقف بورڈ کے رکن ابرار احمد نے خصوصی طور پر پروگرام میں شرکت کی۔ پروگرام میں انجمن اسلامیہ کے نائب صدر نوشاد عالم، ممبران میں محمد نجیب، محمد لطیف عالم، شہزاد ببلو، نور عالم، شاہین احمد، مدرسہ کے اساتذہ عالمگیر عالم، ضیاءالآصف، کفیل احمد، محمد عمران، حافظ جاوید اور دیگر موجود تھے۔ پروگرام کے اختتام پر مولانا شجاع الحق نے اجتماعی دعا کرائی۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.