National

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کا فیصلہ التوا کا شکار

14views

شاہ کے گھر 3 گھنٹے کی میٹنگ بے نتیجہ

ممبئی، 29 نومبر:۔ (ایجنسی) مہاراشٹر میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب پر جاری سسپنس ابھی ختم نہیں ہوا۔ گزشتہ رات دہلی میں وزیر داخلہ امت شاہ کی رہائش پر تقریباً تین گھنٹے کی میٹنگ کے باوجود کوئی حتمی فیصلہ نہ ہو سکا۔ اس میٹنگ میں بی جے پی کے صدر جے پی نڈا، نگراں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، سابق ڈپٹی سی ایم دیویندر فڑنویس اور اجیت پوار سمیت این سی پی کے رہنما سنیل تٹکرے اور پرفل پٹیل موجود تھے۔ آج تک نے ذرائع کے حوالہ سے خبر دی ہے کہ امت شاہ نے شندے، فڑنویس اور اجیت پوار سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں کابینہ کے محکموں کی تقسیم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بی جے پی نے اتحادیوں کے درمیان وزارتوں کی تقسیم میں زیادہ حصہ مانگا ہے، جبکہ این سی پی سے زیادہ وزارتیں شیوسینا کو دئے جانے کی توقع ہے۔ تاہم وزیر اعلیٰ کے عہدے کے حوالے سے جاری غیر یقینی صورتحال ختم نہیں ہوئی۔ میٹنگ کے بعد تمام رہنما رات گئے ممبئی واپس روانہ ہو گئے۔ دیویندر فڑنویس اور اجیت پوار ایک ساتھ ممبئی پہنچے، جبکہ شندے الگ روانہ ہوئے۔ اطلاعات ہیں کہ دوسرے دور کی گفتگو فون پر ہوگی اور ممکنہ طور پر 2 یا 5 دسمبر کو نئی حکومت کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوگی۔ نگراں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ میٹنگ مثبت رہی اور دوسری میٹنگ ممبئی میں ہوگی، جس میں وزیر اعلیٰ کے نام پر حتمی فیصلہ ہوگا۔
Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.