National

لوک سبھا انتخاب 2024: دہلی میں کانگریس 3 اور عآپ 4 سیٹوں پر کھڑا کرے گی امیدوار، مشترکہ پریس کانفرنس میں اعلان

113views

نئی دہلی: لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر سیاسی سرگرمیاں دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہیں۔ سیٹ شیئرنگ کو لے کر این ڈی اے اور انڈیا اتحاد کی پارٹیوں میں تبادلہ خیال کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اس درمیان دہلی میں انڈیا اتحاد نے سیٹوں کی تقسیم کا اعلان کر دیا ہے۔ ہفتہ کے روز کانگریس اور عآپ نے مشترکہ پریس کانفرنس کر واضح کر دیا کہ راجدھانی کی سات لوک سبھا سیٹوں میں سے چار پر عآپ امیدوار کھڑے کرے گی، جبکہ تین سیٹوں پر کانگریس امیدوار قسمت آزمائی کریں گے۔

دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب کے ڈپٹی اسپیکر ہال میں آج کانگریس کی طرف سے مکل واسنک، دیپک باوریا، اروندر سنگھ لولی اور عام آدمی پارٹی (عآپ) کی طرف سے سندیپ پاٹھک، آتشی اور سوربھ بھاردواج پریس کانفرنس کے لیے پہنچے۔ اس دوران کانگریس لیڈر مکل واسنک نے بتایا کہ انڈیا بلاک پارٹیوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم پر تبادلہ خیال طویل مدت سے ہو رہا تھا اور اب اس سلسلے میں حتمی فیصلہ سامنے آ گیا ہے۔

عآپ رکن پارلیمنٹ سندیپ پاٹھک نے پریس کانفرنس میں کہا کہ آج جمہوریت جس حالت سے گزر رہی ہے، اس میں انتخابات کی چوری ہو رہی ہے۔ ایسے میں آج ملک کو ایک ایماندار اور مضبوط متبادل کی ضرورت ہے۔ اتحاد میں آنے کا مقصد ملک کو بچانا ہے۔ اس انتخاب میں انڈیا اتحاد مضبوطی کے ساتھ لڑے گا اور بی جے پی کی پالیسی کو الٹ پھیر کر کے رکھ دے گا۔

Follow us on Google News