شہر کولکاتا میں امارت شرعیہ کی سالانہ مجلس شوری میں حضرت امیر شریعت مدظلہ کا خطاب
کولکاتہ ۱۷؍نومبر ۲۰۲۴ء(راست) شہر کولکاتا میںآج امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ وجھارکھنڈ کی سالانہ مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر شریعت مفکرملت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب نے فرمایا کہ اس وقت ہندوستانی مسلمان متنوع مسائل میں گھیرے ہوئے ہیں ، اس لئے کہ ایک ڈیڑھ سال سے مرکزی حکومت مسلمانوں کے آئینی وشرعی معاملات میں مداخلت کرکے ان کے صبر کا امتحان لے رہی ہے، ان حالات میں ہمیں اسلامی شعائر کے تحفظ اور بقاء کے لئے ترجیحات طے کرنی ہے، کیونکہ مسائل مختلف نوعیتوں کے ہیں، ۔لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے مصدر ومنبع کی طرف رجوع کریں،ایمان ویقین میں پختگی پیدا کریں اور اجتماعی شیرازہ بندی کرکے مل جل کر ان پیچیدہ مسائل کو حل کریں، امارت شرعیہ کی مجلس شوریٰ کا یہ اجلاس شہر کولکاتا کے آئی ووری گرانڈ اے جی سی بوس روڈ ،نزد نونا پوکھر ٹرام ڈیپو میں امیر شریعت مدظلہ کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں بہار،ادیشہ ،جھارکھنڈ اور مغربی بنگال کے اراکین شوریٰ ومدعوئین خصوصی حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور زیر بحث ایجنڈوں پر قیمتی آراء پیش کئے، اس موقع پراپنے صدارتی خطاب میں حضرت امیر شریعت مدظلہ نے فرمایاکہ امارت شرعیہ مسلمانوں کو کلمہ واحدہ کی بنیادپر ایک امت ،ایک جماعت بن کر زندگی گذارنے کی تلقین کرتی ہے ،ہم سب کو عہد کرنا چاہئے کہ جو بھی کام ہوگا وہ اللہ کی مرضی وحاکمیت ہی کے ساتھ ہوگا، اس لئے ہم کو ہر کام میں اللہ کی رضا جوئی کا طلب گا ر ہونا چاہئے اورایک نفع بخش امت کی حیثیت سے تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنا چاہئے۔امارت شرعیہ کے نائب امیر شریعت حضرت مولانا محمد شمشاد رحمانی قاسمی نے فرمایاکہ ہم سب کو ایک ذمہ دارامت کی حیثیت سے اپنے فرائض منصبی کو انجام دینا ہے،اس لئے ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم میںکا ہرشخص اپنی سطح پر معاشرہ کی اصلاح وترقی کے لئے جو کچھ بھی کرسکتاہو میدان عمل میں اتر جائے ،کسی کا انتظار نہ کرے کہ ہمیں تحریک کے لئے ابھارنے پر آمادہ کیاجائے۔اجلاس کا آغاز مولانا وحیدالزماں قاسمی صاحب رکن شوریٰ امارت شرعیہ کی کلام پاک سے ہوا،مولانا شمیم اکرم رحمانی نے رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں نعت پیش کیا، بعدازاں مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی صاحب نے تجاویز تعزیت پیش کی، مولانا مفتی محمد سہراب ندوی صاحب نے اجلاس کی نظامت کے فرائض انجام دیئے، اس موقع پر حضرت امیر شریعت مدظلہ کے ہاتھوں پانچ نئی کتابوں کا رسم اجرا بھی عمل میں آیا، نمبر ۱۔امیرشریعت رابع ،مرتب مولانامحمد اعجاز احمد صاحب، ۲۔ امیر سابع کی سیاسی بصیرت ،مرتب جناب ایڈوکیٹ ذاکر بلیغ رحمانی صاحب، ۳۔ وقف ایکٹ ترمیم کل اور آج ،مرتب ماسٹر انوار احمد صاحب کے علاوہ بچوں کے لئے لکھی گئی کتاب آئو سیکھیں اور علامہ سید سلیمان ندوی کی کتاب رحمت عالم پر ضروری حاشیہ واضافہ کی رونمائی ہوئی۔ مولانا قاضی ضمیرالدین صاحب قاضی شریعت کولکاتا نے اہالیان کولکاتاکی جانب سے شکریہ کے کلمات بیان کئے۔اخیر میں یہ نشست حضرت امیر شریعت مدظلہ کی دعاپر اختتام پذیر ہوئی۔