پتراتو میں ’اسٹیٹ لیول انفلوئنسر میٹ‘ سے وزیر سدویہ کمار کا خطاب
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی ،11؍مئی:وزیر سیاحت سدیویہ کمار نے پیر کے روز پتراتو میں واقع ہوٹل ٹورازم وہار میں محکمہ سیاحت، جھارکھنڈ کے زیر اہتمام منعقدہ ’اسٹیٹ لیول انفلوئنسر میٹ 2026‘کے کامیاب انعقاد کے دوران کہا کہ جھارکھنڈ کے سیاحتی مقامات کی تشہیر کے لیے بڑے میٹرو شہروں کے مواد تخلیق کاروں (کریٹرز) کو مدعو کیا جا سکتا تھا، لیکن جھارکھنڈ کی اصل پہچان، یہاں کی سادگی، ثقافت اور عوامی زندگی کو ہمارے اپنے ریاست کے انفلوئنسرز ہی بہترین انداز میں پیش کر سکتے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ جھارکھنڈ کے نوجوان کریٹرز جب کسی سیاحتی مقام پر مواد تیار کریں، تو وہ فخر سے کہہ سکیں کہ وہ جھارکھنڈ محکمہ سیاحت کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ اس سے نہ صرف ریاست کی برانڈنگ مضبوط ہوگی بلکہ مقامی کریٹرز کو بھی نئی پہچان اور مواقع حاصل ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کے وژن اور وزیر سیاحت سدیویہ کمار کی قیادت میں منعقدہ اس پروگرام کا مقصد جھارکھنڈ کے سیاحتی مقامات، فن و ثقافت، ورثہ اور مقامی کھانوں کو ڈیجیٹل ذرائع سے قومی اور بین الاقوامی سطح پر موثر پہچان دلانا ہے۔پروگرام کے دوران وزیر سدیویہ کمار نے’انفلوئنسر انگیجمنٹ پورٹل‘کا افتتاح کیا۔ اس پورٹل کے ذریعے ریاست کے مواد تخلیق کاروں اور انفلوئنسرز کو محکمہ سیاحت کے ساتھ باقاعدہ طور پر جڑ کر کام کرنے کا موقع ملے گا۔ اس پہل کو ڈیجیٹل کریٹرز اور محکمہ سیاحت کے درمیان ایک مضبوط اور منظم شراکت داری قائم کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔اس تقریب میں ریاست کے 80 سے زائد ممتاز سوشل میڈیا انفلوئنسرز نے شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد جھارکھنڈ کی قدرتی خوبصورتی، ثقافتی ورثہ، سیاحتی امکانات اور مقامی شناخت کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے بڑے پیمانے پر پیش کرنا ہے۔پروگرام کے دوران انفلوئنسرز کے ساتھ ایک مکالماتی سیشن بھی منعقد کیا گیا، جس میں سیاحتی تشہیر، ڈیجیٹل اسٹوری ٹیلنگ، مواد کی تخلیق اور جھارکھنڈ کی ثقافتی شناخت کو عالمی سطح تک پہنچانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پروگرام میں محکمہ کے سکریٹری مکیش کمار، جھارکھنڈ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (JTDC) کے منیجنگ ڈائریکٹر پریم رنجن، جنرل مینیجر راجیو رنجن سمیت محکمہ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
