جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 22 جون :۔ یوتھ ہاسٹلز ایسوسی ایشن آف انڈیا (YHAI)، جھارکھنڈ اسٹیٹ برانچ کے ایک وفد نے آج راج بھون میں جھارکھنڈ کے گورنر سنتوش کمار گنگوار سے خیر سگالی ملاقات کی۔ اس موقع پر وفد نے انہیں آئندہ ‘جھارکھنڈ ایکسیلنس ایوارڈ-2026’ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرنے کی دعوت دی۔یہ باوقار تقریب 2 جولائی 2026 کو آریہ بھٹ آڈیٹوریم، رانچی یونیورسٹی، رانچی میں منعقد کی جائے گی۔ ‘جھارکھنڈ ایکسیلنس ایوارڈ‘ کا اہتمام ہر دو سال بعد کیا جاتا ہے، جس کا مقصد سماج کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اعزاز سے نوازنا ہے۔اس سال تعلیم، کھیل، صحت، ادب، سماجی خدمات، فنون لطیفہ، ثقافت، یوتھ ڈیولپمنٹ اور دیگر شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اعزاز دیا جائے گا۔ اس تقریب کا بنیادی مقصد سماجی خدمات کے میدان میں کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور نوجوانوں کو تعمیری اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے۔ملاقات کرنے والے وفد میں یوتھ ہاسٹلز ایسوسی ایشن آف انڈیا، جھارکھنڈ اسٹیٹ برانچ کے شیویندر ناتھ دوبے، چنچل بھٹاچاریہ اور ادے ساہو شامل تھے۔ تنظیم کے عہدیداران نے امید ظاہر کی کہ ‘جھارکھنڈ ایکسیلنس ایوارڈ- 2026’ سماج میں خدمت، قیادت اور سماجی ذمہ داری کے جذبے کو مزید مستحکم کرے گا اور نوجوانوں کو قوم کی تعمیر میں فعال کردار ادا کرنے کیلئے ترغیب دے گا۔
