رانچی، 15 جون (یواین آئی) جھارکھنڈ حکومت کے ہیلتھ، فوڈ سپلائی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے وزیر ڈاکٹر عرفان انصاری نے کہا کہ اتراکھنڈ میں کیدارناتھ روڈ پر آج صبح ہونے والا ہیلی کاپٹر حادثہ دل دہلا دینے والا ہے۔ڈاکٹر انصاری نے بتایا کہ گوری کنڈ اور تریجو گینارائن کے درمیان پیش آئے اس حادثے میں ایک معصوم بچے سمیت 7 عقیدت مندوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ اس دل دہلا دینے والے حادثے نے مجھے ہلاکر رکھ دیا ہے۔ کیدارناتھ یاترا میں ہر سال حادثات کیوں ہوتے ہیں؟ مرکزی حکومت عقیدت مندوں کی حفاظت کو لے کر اتنی لاپرواہ کیوں ہے؟ سنگل انجن والے ہیلی کاپٹر کا استعمال کیوں نہیں روکا جاتا؟ مرکزی وزیر ہوا بازی کو فوراً استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ عقیدت مند کوئی عام مسافر نہیں، وہ آستھا کی علامت ہیں۔ ان کی حفاظت کو یقینی بنانا کس کی ذمہ داری ہے؟ہندوستانی حکومت کیوں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے؟ڈاکٹر انصاری نے کہا کہ دیوگھر میں ہر سال لاکھوں عقیدت مند بابا بیدیہ ناتھ دھام پر آتے ہیں۔ ہماری حکومت ہر سطح پر چوکسی رکھتی ہے، اس لیے وہاں کبھی ایسا سانحہ رونما نہیں ہوتا۔پھر کیدارناتھ میں ہر بار ایسا کیوں ہوتا ہے؟ یہ حکومت کی براہ راست ناکامی ہے اور عوام اس کا جواب مانگیں گے۔



