بندھو ترکی نے سی او کے حکم تک کام بند رکھنے کی دی ہدایت
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 29؍ دسمبر: مانڈر بلاک کے جاہیر گاؤں میں مدر انٹرنیشنل اسکول کی جانب سے غیر مزروعہ زمین پر باؤنڈری کی تعمیر کا کام کیا جا رہا تھا، جس پر گاؤں کے باشندوں نے اعتراض کیا۔ گاؤں والوں نے سابق ایم ایل اے بندھو ترکی کو اس معاملے کی اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی بندھوترکی جائے وقوعہ پر پہنچے اور پورے معاملے کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ جب تک مانڈر سرکل آفیسر (سی او) کی طرف سے واضح حکم جاری نہیں کیا جاتا تب تک کوئی تعمیراتی کام نہیں کیا جائے گا۔ بندھو ترکی کی ہدایات کے بعد تعمیراتی کام فوری طور پر روک دیا گیا۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اس معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے اور قواعد کے مطابق کسی فیصلے پر پہنچے، تاکہ گاؤں والوں کے حقوق کا تحفظ ہو۔ اس موقع پر گاؤں والوں کی بڑی تعداد موجود تھی اور بندھوترکی کے اقدام کا خیر مقدم کیا۔



