حج 2026 کیلئے سخت میڈیکل گائیڈ لائنز،سعودی حکومت کی نئی ہدایات جاری
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، ؍ جنورری:سنٹرل حج کمیٹی ممبئی کے زیر اہتمام دو روزہ قومی سطح کے دو روزہ حج ٹرینرز تربیتی کیمپ کا اختتام ہو گیا۔ استقبالیہ تقریر میں حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او شاہ نواز سی نے ملک بھر سے آئے ہوئے حج ٹرینرز کا خیرمقدم کرتے ہوئے یہ معلومات دی کہ سعودی حکومت کے مطابق اس بار حاجیوں کے میڈیکل فٹنس کی جانچ سعودی عرب پہنچنے کے بعد ایئرپورٹ پر بھی کی جائے گی۔ اور اگر کسی کا میڈیکل سرٹیفکیٹ جعلی پایا گیا یا حاجی نے سنگین بیماری کو چھپایا، تو جس بھی معالج (ڈاکٹر) نے فرضی فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کیا ہے، اس ڈاکٹر کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس بار ہوٹلوں میں کچن نہیں دیا جائے گا اور نہ ہی کھانا پکانے کی اجازت ہوگی۔محمد علی مجاز، چیئرمین حج کمیٹی لداخ نے حج کے ارکان بتائے۔ زینب سعید نے لاجسٹک اور سفر سے متعلق معلومات فراہم کیں۔ سی جی آئی جدہ فہد احمد خان سوری نے اس بار سعودی حکومت کی جانب سے لگائی گئی نئی پابندیوں اور تبدیلیوں کے بارے میں تفصیلی معلومات دی، جیسے کہ اس بار تمام حاجیوں کو ‘حج سہولت اسمارٹ واچ ‘ دی جائے گی۔ اس بار منیٰ کے خیمے جپسم بورڈ کے بنے ہوں گے جس میں کولنگ بہتر رہے گی۔منیٰ کے خیموں میں میڈیکل کیمپ ہوگا، اور ہر حاجی کو ‘صوفہ کم بیڈ ‘ دیا جائے گا جس پر ہر حاجی کا نام مع تصویر درج ہوگا۔ خیمے میں کم سامان رکھنے کے لیے الماری اور فریج کا بھی انتظام ہوگا۔

ایک ٹینٹ میں سو حاجیوں کے رہنے کا انتظام ہوگا۔ پابندیوں میں میڈیکل گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ اگر کسی حاجی نے میڈیکل رپورٹ میں بیماری چھپائی ہوگی اور جانچ میں غلط پایا گیا، تو اسے اسی وقت حج سے واپس بھیج دیا جائے گا۔ کون سی دوا لے جانی ہے اور کون سی نہیں، اس پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔اگر کوئی بھی حاجی کمرے میں کھانا پکاتے ہوئے پایا گیا تو اس پر جرمانے کے ساتھ قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس تربیتی کیمپ میں ملک کی مختلف ریاستوں سے 600 سے زائد ٹرینرز نے تربیت حاصل کی، جس میں جھارکھنڈ سے سرفراز احمد سڈو، محمد شکیل، احسان انصاری، محمد رضی الدین، صادق حسن، عادل فرحان، محمد سرفراز، محمد توصیف جمال، محمد منظر اور سہیل اختر شامل ہوئے۔



