جدید بھارت نیوز سروس
ہزاری باغ،15؍جون: ہزاری باغ شہر کی ایک بڑی سڑک اب شہید کیپٹن کرم جیت سنگھ بخشی کے نام سے جانی جائے گی۔ ہفتہ کو سیاحت، فن، ثقافت، کھیل اور نوجوانوں کے امور کے محکمے کے وزیر سودیویہ کمار سونو نے پی ڈبلیو ڈی چوک سے ہولی کراس اسکول تک سڑک کا نام “شہید کیپٹن کرم جیت سنگھ مارگ” رکھنے کا باقاعدہ اعلان کیا۔اس موقع پر ہزاری باغ کے ڈپٹی کمشنر ششی پرکاش سنگھ، صدر کے ایم ایل اے پردیپ پرساد، ضلع کے سینئر افسران، معززین کے ساتھ ساتھ شہید کے اہل خانہ اور بڑی تعداد میں عام لوگ موجود تھے۔ تقریب جذباتی لمحات سے بھری ہوئی تھی جب لوگوں نے کھڑے ہو کر شہید کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ وزیر سودیویہ کمار سونو نے کہاکہ یہ سماج کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہیدوں کو یاد رکھے۔ کرم جیت کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی۔ یہ نام صرف رسمی نہیں ہے بلکہ ان کے احترام اور قربانی کی مستقل علامت ہے۔” انہوں نے یہ بھی بتایا کہ شہادت کے بعد اس وقت کی ڈپٹی کمشنر نینسی سہائے سے کچھ وعدے کیے گئے تھے جن میں سے کچھ پورے ہو چکے ہیں اور باقی کام موجودہ ڈپٹی کمشنر کے سامنے رکھے جائیں گے تاکہ وہ بھی جلد مکمل ہو سکیں۔ صدر کے ایم ایل اے پردیپ پرساد نے ریاستی حکومت اور وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، “اب یہ راستہ نہ صرف شہر والوں کے لیے ایک راستہ بنے گا، بلکہ یہ انہیں ہر روز ایک شہید کی قربانی کی یاد دلائے گا، یہ قدم ہزاری باغ کی تاریخ میں سنہری حروف سے درج کیا جائے گا۔12 فروری 2019 کو جموں و کشمیر کے اکھنور سیکٹر میں ایل او سی پر آئی ای ڈی دھماکے میں کیپٹن کرم جیت سنگھ بخشی سمیت دو فوجی شہید ہو گئے۔ کرم جیت سنگھ ہزاری باغ کے جولو پارک کا رہنے والاتھا۔ وہ اجیندر سنگھ بخشی اور نیلو بخشی کے اکلوتے بیٹے تھے۔ ان کی میت 13 فروری کو ہزاری باغ لائی گئی اور پھر عوام نے حکومت سے ان کی یاد میں ایک عوامی مقام کا نام رکھنے کا مطالبہ کیا تھا، آج وہ وعدہ پورا ہوا۔



