جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 5 نومبر:۔ منگل کو چیف الیکٹورل آفیسر نے نرواچن سدن میں محکمہ ڈاک کے افسران کے ساتھ میٹنگ کی۔ چیف الیکٹورل آفیسر کے۔ روی کمار نے کہا کہ بنیادی مقصد یہ ہے کہ اسمبلی انتخابات میں ایک بھی ووٹر اپنے حق رائے دہی سے محروم نہ رہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ووٹر شناختی کارڈ وقت پر ووٹرز تک پہنچ جائیں۔ اس کے لیے محکمہ ڈاک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ہر روز ریاست بھر میں محکمہ ڈاک کی طرف سے ہزاروں ووٹر شناختی کارڈ تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر لسٹ میں کئی ووٹرز کے نام درج ہونے کے بعد بھی ان کا ووٹر شناختی کارڈ دستیاب نہیں کیا گیا ہے۔انہوں نے محکمہ ڈاک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ تعطیلات کے دوران بھی محکمہ ڈاک کو کھلا رکھیں اور ووٹر شناختی کارڈ کی تقسیم کا کام پوری رفتار کے ساتھ انجام دیں، تاکہ ووٹر لسٹ میں رجسٹرڈ تمام ووٹر اپنے ووٹر شناختی کارڈ حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ووٹرز جن کا نام ووٹر لسٹ میں ہے لیکن انہیں ابھی تک ووٹر شناختی کارڈ نہیں ملا ہے وہ 1950 پر کال کر کے اپنے BLO یا BLO سپروائزر سے رابطہ کر کے اس سے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے متعلقہ بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر اور سرکل آفیسر سے بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ ووٹر شناختی کارڈ کی تقسیم کا کام متعلقہ بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر اور سرکل آفیسر پوسٹ آفس کے ساتھ تال میل سے انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ڈاک کے اعلیٰ عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ اس کے لئے پوری ریاست کے پوسٹ ماسٹروں کو ہدایت دیں اور کمیشن کو موصول ہونے والے تمام ووٹر شناختی کارڈوں کی 100 فیصد تقسیم کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر پوسٹ ماسٹر جنرل آفس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نرنجن کمار، انسپکٹر پوسٹ کمکم کماری کے ساتھ چیف الیکٹورل آفیسر آفس اور محکمہ ڈاک کے دیگر افسران موجود تھے۔



