رانچی، 31 اگست (ہ س)۔ جھارکھنڈ کے وزیر صحت اور کانگریس لیڈر ڈاکٹر عرفان انصاری نے بہار میں کانگریس کے دفتر (صداقت آشرم) میں توڑ پھوڑ اور حملہ کے واقعہ کی سخت مذمت کی ہے۔ ڈاکٹر عرفان انصاری نے اتوار کو کہا کہ پارٹی کا دفتر اپنے کارکنوں کے لیے مندر کی طرح ہوتا ہے اور اس پر حملہ کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے لیڈر راہل گاندھی صرف اشارہ دیں تو ہم مخالفین کو منہ توڑ جواب دے سکتے ہیں۔ تنظیم اور کارکنان کے وقار کے تحفظ کے لیے ہر قدم اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ کے لوگ جمہوریت اور بھائی چارے کے حق میں ہیں اور یہاں کسی بھی قسم کی غنڈہ گردی کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ وزیر موصوف نے واضح طور پر کہا کہ کانگریس کارکن ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے اور جمہوریت کی حفاظت کے لئے ہمیشہ تیار ہیں۔



