ڈپٹی کمشنر کرن ستیارتھی نے صدر سمیت 22 وارڈ ممبران کو حلف دلایا
جدید بھارت نیوز سروس
جمشیدپور؍ جگسلائی: جگسلائی نگر پریشد کی نو منتخب صدر نوشین خان نے آج باقاعدہ طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ اس موقع پر جگسلائی بلاک دفتر میں ایک باوقار حلف برداری تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں ڈپٹی کمشنر نیز ضلع مجسٹریٹ جمشیدپور کرن ستیارتھی نے نوشین خان کو صدر کے عہدے کی حلف برداری دلائی۔ تقریب کے دوران نگر پریشد کے تمام 22 وارڈ ممبران کو بھی باضابطہ طور پر حلف دلایا گیا۔ حلف برداری کے بعد نو منتخب صدر نوشین خان نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جگسلائی کے عوام نے جو اعتماد ان پر ظاہر کیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح جگسلائی نگر پریشد علاقے کی ہمہ جہت ترقی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام وارڈ ممبران کے ساتھ مل کر ٹیم ورک کے جذبے کے ساتھ کام کیا جائے گا تاکہ جگسلائی کو ترقی کی راہ پر آگے بڑھایا جا سکے۔ اس موقع پر موجود افسران اور عوامی نمائندوں نے بھی نو منتخب صدر اور وارڈ ممبران کو مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ تقریب میں بڑی تعداد میں معزز شہری، سرکاری افسران اور عوامی نمائندے موجود تھے، جنہوں نے نو منتخب قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جگسلائی نگر پریشد میں ترقی اور عوامی فلاح کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔



