رانچی، 03 دسمبر (یو این آئی) جھارکھنڈ کے راج بھون کا نام اب بدل کر ”لوک بھون جھارکھنڈ“ کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔جھارکھنڈ کے گورنر سنتوش گنگوار نے اپنے سرکاری سوشل میڈیا ایکس ہینڈل سے اس تبدیلی کی معلومات شیئر کی۔ انہوں نے لکھا کہ معزز وزیر اعظم نریندر مودی کی دور اندیش رہنمائی میں وزارت داخلہ کی پہل کے تحت ملک کے تمام راج بھونوں کو اب عوامی شناخت دی جا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں جھارکھنڈ کا راج بھون اب ”لوک بھون جھارکھنڈ“ کے نام سے جانا جائے گا۔گورنر کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری نتن مدن کلکرنی کے دستخط سے بدھ کے روز اس کا حکم بھی جاری کر دیا گیا۔ حکم میں کہا گیا ہے کہ حکومت ہند کی وزارت داخلہ اور جھارکھنڈ کے گورنر کی منظوری کے بعد رانچی اور دمکا کے راج بھون کا نیا نام سرکاری طور پر لوک بھون کیا گیا ہے۔ یہ تبدیلی ریاستی حکومت کی تجویز پر صدرجمہوریہ کی منظوری کے بعد کی گئی ہے۔



