جدید بھارت نیوز سروس
کوڈرما،30؍دسمبر: ضلع کے جے نگر تھانہ علاقہ کے ایرگوباد سے گزشتہ 13 دسمبر سے لاپتہ تین سالہ بچے سیف علی کی لاش مسخ شدہ حالت میں برآمد ہوئی ہے۔ 13 دسمبر کی شام تقریباً 4 بجے گھر سے کچھ ہی فاصلے سے شمشیر عالم کا تین سالہ بیٹا سیف علی اچانک لاپتہ ہو گیا تھا۔ کافی تلاش کے بعد بھی بچے کا کچھ پتہ نہیں چل سکا تھا، جس کے بعد بچے کے اہل خانہ نے جے نگر تھانہ میں بچے کی گمشدگی کی اطلاع درج کرائی تھی۔ادھر، بچے کی تلاش کے حوالے سے ایس پی انودیپ سنگھ نے ہیڈ کوارٹر ڈی ایس پی رتی بھان سنگھ کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی، جو بچے کی تلاش کر رہی تھی۔ اسی دوران منگل کو ایرگوباد کی کچھ خواتین گاؤں سے متصل ندی کے کنارے لکڑیاں چننے گئی ہوئی تھیں، جہاں انہیں ایک بچے کی کھوپڑی دکھائی دی۔ جس کے بعد خواتین نے شور مچانا شروع کر دیا۔ خواتین کا شور سن کر دیہاتی اور سیف علی کے اہل خانہ موقع پر پہنچ گئے، جہاں کھوپڑی کے پاس سے برآمد ہونے والے کپڑوں سے لاپتہ سیف کی شناخت کی گئی۔
موقع پر دیہاتیوں کا ہجوم جمع
لاپتہ سیف کی لاش برآمد ہونے کی خبر سن کر دیکھتے ہی دیکھتے سینکڑوں کی تعداد میں دیہاتی ندی کے کنارے جمع ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی جے نگر تھانہ انچارج اماناتھ سنگھ بھی موقع پر پہنچ گئے اور معاملے کی تحقیقات میں مصروف ہو گئے۔
برآمد شدہ کپڑوں سے لاش کی شناخت
متوفی بچے سیف علی کے والد شمشیر عالم نے بتایا کہ ان کا بچہ 13 دسمبر کو جن کپڑوں میں لاپتہ ہوا تھا، جائے وقوعہ سے وہی کپڑے ملے ہیں۔ جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ یہ لاش ان کے بیٹے ہی کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ کپڑے سیف کے غائب ہونے سے چند دن پہلے ہی انہوں نے آن لائن خریدے تھے۔
پولیس تمام پہلوؤں پر تفتیش کر رہی ہے: ایس پی
معاملے کے حوالے سے کوڈرما ایس پی انودیپ سنگھ نے بتایا کہ انہیں بچے کی لاش برآمد ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موقع پر ٹیم بھیج کر معاملے کی جانچ کرائی جا رہی ہے۔ اہل خانہ لاش کے سیف کی ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاش کو دیکھنے سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کسی جنگلی جانور نے اس کی یہ حالت کی ہے، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ ممکن ہے کہ مجرموں نے اس کا قتل کیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ پولیس تمام پہلوؤں پر تفتیش کر رہی ہے۔



