آخری دن لوگوں نے جم کر خریداری کی
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،17؍فروری: مورہابادی گراؤنڈ میں منعقدہ 16 واں ہندوستان بین الاقوامی میگا ٹریڈ فیئرپیر کو اختتام پذیر ہوگیا۔ میلے کے آخری روز بھی ہزاروں لوگ خریداری کے لیے آئے اور آفرز سے فائدہ اٹھایا۔ آخری روز بہت سے اسٹال ہولڈرز نے کئی پراڈکٹس کے آفر دیئے جس کی وجہ سے لوگوں نے خوب خریداری بھی کی۔ تقریباً تمام اسٹالز پر خریداروں کا ہجوم دیکھا گیا۔ اس کے ساتھ ہی لوگوں نے خریداری کے ساتھ طرح طرح کے پکوانوں کا بھی لطف اٹھایا۔ لوگوں نے اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ میلے کا دورہ کیا اور اپنی ضروریات کے مطابق خریداری کی۔ معلوم ہوا ہے کہ ٹریڈ فیئر میں آٹھ ممالک اور 15 ریاستوں کی مصنوعات کی نمائش کی گئی تھی۔ اس نمائش میں لوگوں کو 35 ہزار سے زائد مصنوعات دیکھنے اور خریدنے کا موقع ملا۔ ساتھ ہی گاڑیوں کے اسٹال پر بھی لوگوں کی بھیڑ دیکھی گئی۔ لوگ گاڑیوں کے بارے میں دریافت کرتے نظر آئے۔
پردیپ ورما نے ٹریڈ فیئر میں پہنچ کر تقریب کی تعریف کی
راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ پردیپ ورما پیر کو ٹریڈ فیئر میں پہنچے۔ جھارکھنڈ چیمبر کے عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔ اس دوران انہوں نے ٹریڈ فیئر میں لگائے گئے اسٹالز کا دورہ کیا۔ کئی اسٹال ہولڈرز سے بھی بات کی۔ اس موقع پر جھارکھنڈ چیمبر کے صدر پریش گٹانی، نائب صدر جیوتی کماری، راہل سابو، جنرل سکریٹری آدتیہ ملہوترا، جوائنٹ سکریٹری نوجوت النگ، وکاس وجے ورگیہ، خزانچی روہت اگروال، ایگزیکٹیو ممبر امیت شرما اور دیگر موجود تھے۔چیمبر کے صدر پریش گٹانی اور جنرل سکریٹری آدتیہ ملہوترا نے جھارکھنڈ چیمبر اور جی ایس مارکیٹنگ ایسوسی ایٹس کے مشترکہ زیر اہتمام منعقد ہونے والےٹریڈ فیئر کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹریڈ فیئر کے آخری دن بھی لوگوں نے بہت زیادہ خریداری کی۔ رانچی کے لوگوں نے ٹریڈ فیئر کو بہت پسند کیا اور اس تقریب کی تعریف کی۔ اگلے سال بھی بڑے پیمانے پر ٹریڈ فیئر کا انعقاد کیا جائے گا۔ مذکورہ معلومات ترجمان سنیل سراوگی نے دی۔



