رانچی، 22 مارچ (یو این آئی) جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی میں سیرم ٹولی فلائی اوور کے ریمپ کے خلاف سرنا کمیٹی کی طرف سے آج بلائے گئے رانچی بند کا اثر رہا۔دارالحکومت رانچی میں صبح سے ہی بند کے حامی روایتی ہتھیاروں اور لاٹھیوں کے ساتھ سڑکوں پر نکل آئے، بند کے حامیوں نے تمام دکانیں بند کرنے پر مجبور کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی شہر کے تمام داخلی راستوں اور چوراہوں پر حامیوں نے ٹائر جلا کر اور سڑکیں بلاک کرکے ٹریفک کو روک دیا۔بند کے حامیوں نے رتو روڈ، پسکا موڈ، سی ایم پی ڈی کے سامنے کانکے روڈ، کدرو چوک، لواڈیہ سمیت کئی مقامات پر رکاوٹیں لگا کر بلاک کر دیا۔ سرنا کمیٹی کے حامیوں نے کئی مقامات پر ٹائر جلا کر سڑکیں بند کر دیں، اس دوران پورے شہر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ان تمام مقامات کی ویڈیو گرافی کی گئی جہاں بند کے حامی جمع تھے۔ٹریفک جام کے باعث عام پیدل چلنے والوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ سڑکوں پر رکاوٹیں لگنے سے اہم کاموں کے لیے گھروں سے نکلنے والے لوگوں کو گھنٹوں ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا۔ یہاں لوگ گلیوں اور محلوں سے ہوتے ہوئے مرکزی سڑکوں پر پہنچے۔ بند کے حامیوں نے ضروری خدمات سے وابستہ ایمبولینسوں اور گاڑیوں کو راستہ دیا۔



