جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 22؍ اگست: چیف الیکشن کوآرڈینیٹر قمر صدیقی، کوآرڈینیٹر سہیل اختر، نوشاد احمد، محمد مظہر حسین اور معراج گدی نے مشترکہ طور پر انجمن اسلامیہ کے انتخابات کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کوآرڈینیٹر کا تقرر 9 اگست کو ہواتھا۔اس دن سے میں مسلسل انجمن اسلامیہ کے دفتر میں بیٹھا ہوں لیکن آج تک کسی نے کوئی شکایت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ انجمن اسلامیہ کے انتخابات ضابطہ اخلاق کے مطابق ہوں گے۔ ہم کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کریں گے اور نہ ہی حق اور مخالفت میں کوئی امتیاز ہوگا۔ الیکشن مکمل شفافیت کے ساتھ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کو مکمل کرنے کے لیے کوآرڈینیٹرز سہیل اختر، نوشاد عالم، مظہر حسین اور معراج گدی کو مقرر کیا گیا ہے۔ ضرورت پڑنے پر مزید کوآرڈینیٹر مقرر کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ رکنیت سازی مہم 3 یا 5 ستمبر سے شروع ہوگی اور جلد ہی الیکشن کے لیے مشاورتی بورڈ تشکیل دیا جائے گا۔ انجمن کی نئی رکنیت کے لیے جو ممبران فارم بھریں گے ان کی تصدیق موقع پر کی جائے گی۔اس موقع پر شریک کنوینر سہیل اختر نے کہا کہ انجمن کا علاقہ بائی لاز کے مطابق ہی رہے گا۔ اس موقع پر چیف الیکشن کنوینر قمر صدیقی، کنوینر سہیل اختر، محمد مظہر حسین، معراج گدی اور نوشاد احمد موجود تھے۔



