اسکولوں میں پینے کے پانی اور بیت الخلاء کی سہولت سوفیصد فراہم کرنے کی دی ہدایت
جدید بھارت نیوز سروس
رام گڑھ،10؍نومبر:ڈپٹی کمشنر رام گڑھ فیض احمد ممتاز کی صدارت میں سوموار کو کلکٹریٹ آڈیٹوریم میں رام گڑھ ضلع میں محکمہ تعلیم کی طرف سے چلائے جا رہے کاموں کے سلسلے میں ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر نے مڈ ڈے میل اسکیم کے تحت کئے جا رہے کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بچوں کو مقررہ روسٹر کے مطابق دوپہر کا کھانا فراہم کیا جائے۔ مڈ ڈے میل اسکیم کے تحت کام کرنے والے باورچیوں کے آیوشمان کارڈ اور پنشن سے متعلق کام کا جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے باقی باورچیوں کے لیے آیوشمان کارڈ کے اجراء اور ان کی پنشن کی شروعات کے سلسلے میں ضروری ہدایات جاری کیں اور بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کے ساتھ تال میل قائم کرنے کی ہدایت کی۔ اسکولوں میں دستیاب بنیادی سہولیات جیسے کہ پینے کے پانی اور بیت الخلاء کا جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ جن اسکولوں میں پانی کی فراہمی کی کمی ہے ان کی نشاندہی کی جائے اور ایگزیکٹیو انجینئر پینے کے پانی اور صفائی ڈویژن کے ساتھ مل کر تمام اسکولوں میں جلد از جلد پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فوری کارروائی کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے بچوں کو کتابیں، یونیفارم، اسکول بیگ وغیرہ کی فراہمی کے لیے اب تک کیے گئے کام کا جائزہ لیا اور اس سلسلے میں ضروری ہدایات دیں۔میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر نے رائٹ ٹو ایجوکیشن ایکٹ، اسکالرشپ، کھیلو جھارکھنڈ، مکھیہ منتری ایکسی لینس اسکول، بلاک لیول ماڈل اسکول وغیرہ کا بھی جائزہ لیا اور ان کے کامیاب آپریشن کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات دیں۔میٹنگ میں ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن سپرنٹنڈنٹ، ایریا ایجوکیشن آفیسر، بلاک ایجوکیشن ایکسٹینشن آفیسرس وغیرہ موجود تھے۔



