جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 22؍ اگست: کانگریس لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ پری سدن کچہری، رانچی میں لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر پردیپ یادو کی صدارت میں ہوئی۔اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ جمہوریت کا تحفظ اور آئین کے دیئے گئے ہر شہری کے حق رائے دہی کا تحفظ ملک کے ہر عوامی نمائندے کا اعلیٰ ترین فریضہ ہے۔ لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر یادو نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 326 کے تحت ہمیں ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہے۔ ووٹ کی دھاندلی اور چوری آئین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ کانگریس پارٹی اور انڈیا اتحاد نے اس حق کے تحفظ کے لیے کمر کس لی ہے۔ لیجسلیچر پارٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 26 اگست کو انڈیا اتحاد اسمبلی کے اندر اور باہر شدید احتجاج کرے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس موضوع پر وزیر اعلیٰ کے ساتھ بات چیت ہوئی ہے اور مجھے یقین ہے کہ حکومت اس کے خلاف تجویز لائے گی اور حکومت ہند کو سخت پیغام دے گی۔ریاستی کانگریس صدر کیشو مہتو کملیش نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی یہ جدوجہد نہ صرف سیاسی ہے بلکہ جمہوریت اور آئین کی روح کی حفاظت کی تحریک ہے۔ہمیں یقین ہے کہ یہ آواز پورے ہندوستان میں گونجے گی اور حکومت کو ووٹنگ کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے پر مجبور کرے گی۔ میٹنگ میں ریاستی صدر کیشو مہتو کملیش، پردیپ یادو، ڈپٹی لیڈر راجیش کچھپ، وزیر خزانہ رادھا کرشن کشور، ایم ایل اے رامیشور اورائوں، سریش بیٹھا، بھوشن باڑا، نمن وکسل، ممتا دیوی، سونارام سنکو، نشاط عالم اور رام چندر سنگھ میٹنگ میں موجود تھے۔



