والد کی علالت کے باعث وزیر اعلیٰ رتھ یاترا میں شریک نہ ہو سکے، عوام سے دعاؤں کی اپیل
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 27 جون:۔آج مہاپربھو بھگوان جگن ناتھ جی کی عظیم اور مقدس رتھ یاترا کا تہوار روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ جھارکھنڈ میں بھی ہر سال کی طرح مختلف علاقوں میں رتھ یاترا کی تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں سب سے اہم تقریب جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی میں منعقد ہوئی۔تاہم، اس بار جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین اس مقدس تقریب میں شرکت نہیں کر سکے۔ ہر سال رتھ یاترا میں اپنی موجودگی درج کرانے والے وزیر اعلیٰ اس بار اپنے والد، جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کے سرکردہ رہنما اور راجیہ سبھا کے رکن شری شیبو سورین کی

علالت کے باعث غیر حاضر رہے۔
وزیر اعلیٰ نے ویڈیو شیئر کر اطلاع دی
شری شیبو سورین ان دنوں اسپتال میں زیر علاج ہیں، اور وزیر اعلیٰ ان کے ساتھ موجود ہیں۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے ایک جذباتی پیغام میں کہا:”آج مہاپربھو بھگوان جگن ناتھ جی کی رتھ یاترا کا تاریخی اور پَوِتر مہاپرو ہوتا ہے۔ ہر سال میں وہاں موجود ہوتا تھا۔ ابھی آدرنیہ بابا دیشوم گروجی اسوستھ ہیں اس لیے میں رتھ یاترا میں شامل نہیں ہو پایا ہوں۔بھگوان جگن ناتھ سے پرارتھنا کرتا ہوں کہ آدرنیہ گروجی جلد سے جلد صحت یاب ہو کر ہم سبھی کے بیچ آئیں اور ہمیشہ کی طرح اپنا آشیرواد بنائے رکھیں۔بھگوان جگن ناتھ سبھی کا کلیان کریں، دھنیواد، جوہار!”وزیر اعلیٰ کے اس پیغام نے عوام میں جذباتی کیفیت پیدا کر دی، اور ریاست بھر سے شری شیبو سورین کی صحت یابی کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔



