جدید بھارت نیوز سروس
لاتیہار ،24؍مئی: لاتیہار سے دل دہلا دینے والاواقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک شخص نے آپسی رنجش سے تنگ آ کر بیوی کو قتل کر دیا۔ قتل کے بعد لاش کو ندی کی ریت میں دبا دیا تاہم معاملہ زیادہ دیر تک دبا نہ رہ سکا۔ پولیس نے قتل کا معمہ حل کرکے ملزم شوہر کو گرفتار کرلیا۔موصولہ اطلاع کے مطابق لاتیہار صدر تھانہ علاقہ کے ایک گاؤں میں رہنے والے ایک نوجوان نے جو کارو بلاک آفس میں کام کرتا تھا، اپنی بیوی کا قتل کر دیا۔ ملزم کی شادی پلامو کی ایک لڑکی سے ہوئی تھی۔ شادی کے ابتدائی دن اچھے گزرے لیکن آہستہ آہستہ دونوں کے درمیان لڑائی جھگڑے بڑھنے لگے۔ ان دونوں کی دو بیٹیاں بھی ہیں۔میاں بیوی ایک دوسرے پر شک کرنے لگے اور معاملہ عدالت تک پہنچ گیا۔ شوہر طلاق چاہتا تھا جب کہ بیوی نے شوہر اور دیور پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا۔ 15 مئی کو دونوں کے درمیان پھر لڑائی ہوئی۔ طیش میں آکر شوہر نے لوہے کے ڈنڈے سے بیوی کے سر پر وار کر دیا جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ قتل کے بعد ملزم نے لاش کو گارو تھانہ علاقہ کے تحت لوہرٹانڑ گاؤں کے نزدیک کوئل ندی کی ریت میں دفن کر دیا۔لیکن چند روز بعد لاش کو کتوں نے نکال لیا جس کی وجہ سے یہ واقعہ سامنے آیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے معاملے کی چھان بین شروع کردی۔ پولیس کو دی گئی درخواست میں متوفی کے والد نے کہا کہ اس کی بیٹی کو اس کے سسرال والے مسلسل ہراساں کرتے تھے کیونکہ اس کی دو بیٹیاں تھیں۔ اسے کئی بار مارا پیٹا گیا۔ اس نے واضح طور پر الزام لگایا کہ اس کی بیٹی کو اس کے شوہر اور اس کے گھر والوں نے قتل کیا ہے۔تھانہ انچارج پارسمنی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ اس نے بتایا کہ وہ اپنی بیوی کے رویے سے ناراض تھا اور اس نے قتل کا ارتکاب کیا اور پھر ثبوت چھپانے کے لیے لاش کو ندی کی ریت میں دفن کر دیا۔ ملزم کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر پولیس نے قتل میں استعمال ہونے والالوہے کا توا اور دیگر ثبوت بھی برآمد کر لیے ہیں۔



