وارڈ 22 کرکٹ ٹورنامنٹ کا خطاب اپنے نام کیا
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،18؍جنوری: ضلع اسکول میدان میں اتوار کو وارڈ نمبر 22 کرکٹ کلب کی جانب سے ٹینس کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ اس مقابلے میں وارڈ نمبر 22 کی چار ٹیموں نے حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ ٹیم امن اور جاوید الیون کے درمیان کھیلا گیا، جس میں ٹیم امن نے 19 رنز سے شاندار جیت درج کی۔فائنل مقابلے میں ٹیم امن کے کھلاڑی لکی نے دھواں دھار بلے بازی کرتے ہوئے 32 رنز بنائے اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ وہیں گیند بازی میں پی کے نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 اوورز میں محض 7 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ٹورنامنٹ کے آرگنائزر محمد اکبر عرف منّا نے بتایا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی وارڈ 22 کے نوجوانوں کو کھیل سے جوڑنے کے مقصد سے ٹینس کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوان تیزی سے کھیل کود سے دور ہو کر نشے کی طرف بڑھ رہے ہیں، جسے دیکھتے ہوئے اس طرح کے پروگرام ضروری ہیں تاکہ نوجوان کھیل کے ذریعے صحت مند اور منظم زندگی کی طرف راغب ہوں۔ اس کرکٹ ٹورنامنٹ میں بطور مہمانِ خصوصی آمایہ تنظیم کے صدر ایس علی اور سماجی کارکن محمد ممتاز موجود تھے۔ایس علی نے اس پروگرام کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے کھیلوں کے مقابلے نوجوانوں کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔ آج موبائل کی لت اور نشے کا بڑھتا ہوا رجحان نوجوانوں کے مستقبل کے لیے خطرہ بنتا جا رہا ہے۔ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بناتے ہیں بلکہ نظم و ضبط، ٹیم ورک اور مثبت سوچ بھی پیدا کرتے ہیں۔وہیں سماجی کارکن محمد ممتاز نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے، والدین اور انتظامیہ کو مل کر نوجوانوں کو کھیل کے میدانوں کی طرف واپس لانے کی ضرورت ہے، تاکہ وہ نشے اور موبائل کی لت سے دور رہ کر ایک صحت مند، مضبوط اور روشن مستقبل تعمیر کر سکیں۔اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں جاوید، شہباز، پی کے، امتیاز، شہزاد، عرف ماجد، لکی، مٹھو، عمران، سانو، منٹو سمیت کئی لوگوں نے اہم کردار ادا کیا۔



