کانگریس کا لوک سبھا انتخابات تک تحریک جاری رکھنے کا عزم: راجیش ٹھاکر
جدید بھارت نیوز سروس
دھنباد،،03؍جنوری: منریگا (MNREGA) کا نام تبدیل کرنے کے خلاف کانگریس 5 جنوری سے پورے جھارکھنڈ میں دھرنا و مظاہرہ کرے گی۔ تحریک کا آغاز دارالحکومت رانچی میں واقع باپو واٹیکا سے ہوگا۔ یہ معلومات ہفتہ کے روز دھنباد پہنچے کانگریس کے سابق ریاستی صدر راجیش ٹھاکر نے دی۔ ہاؤسنگ کالونی میں واقع پارٹی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ایک طرف جھارکھنڈ حکومت پیسا (PESA) قانون کے ذریعے گاؤں اور گرام سبھا کو بااختیار بنانے کی کوشش کر رہی ہے، تو دوسری طرف مرکز کی بی جے پی حکومت گاؤں، غریب اور گاندھی کو ختم کرنے کی پالیسی پر چل رہی ہے۔راجیش ٹھاکر نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کو لفظ ’ گ ‘یعنی گاندھی اور غریب سے مسئلہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ گاندھی کے نام اور غریبوں کی اسکیموں کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کا نظریہ مہاتما گاندھی کے اصولوں کے خلاف ہے۔ جن خیالات سے مہاتما گاندھی کا قتل ہوا، وہی سوچ آج گاندھی کے افکار کا قتل کر رہی ہے۔ بی جے پی گاندھی کے نام اور ان کے نظریات کو مٹانا چاہتی ہے، جسے کانگریس کبھی برداشت نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس نے منریگا کو ہجرت روکنے اور بے روزگاری سے لڑنے کے لیے ایک مضبوط ہتھیار کے طور پر ملک کو دیا تھا۔ ایسے میں پارٹی نہ تو منریگا کے نام کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ہونے دے گی اور نہ ہی اس کی شکل و صورت کے ساتھ۔ یہ غریبوں کا حق ہے اور اس پر حملہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 5 جنوری کو رانچی کی باپو واٹیکا سے راج بھون تک مارچ نکالا جائے گا اور گورنر کے ذریعے صدر جمہوریہ کو میمورنڈم سونپ کر پارٹی اپنا احتجاج درج کرائے گی۔ یہ تحریک آنے والے لوک سبھا انتخابات تک جاری رہے گی۔



