’سوچھتا سرویکشن 2025-26 ‘کے تحت نگرانی مہم تیز، خلاف ورزی پر فوری جرمانہ
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 6 فروری:۔ شہر کو صاف، خوبصورت اور شہریوں کے لیے سازگار بنانے کے مقصد سے سوچھ سرویکشن 2025-26 کے تحت رانچی میونسپل کارپوریشن نے کھلے میں پیشاب اور رفع حاجت کے خلاف سخت موقف اختیار کیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن نے واضح ہدایت جاری کی ہے کہ شہر کے کسی بھی حصے میں عوامی مقامات پر اس طرح کی حرکت کرتے پائے جانے پر متعلقہ شخص کے خلاف بغیر کسی پیشگی وارننگ کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔اسی ہدایت کے تحت میونسپل کارپوریشن کی ٹیمیں شہر کے مختلف علاقوں میں مسلسل نگرانی مہم چلا رہی ہیں۔ کارپوریشن کی جانب سے رانچی کے مختلف علاقوں میں ریڈ اسپاٹس، یلو اسپاٹس اور اوپن ڈیفیکیشن اسپاٹس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ یہ وہ مقامات ہیں جہاں پہلے بھی کھلے میں پیشاب اور رفع حاجت کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں۔ ان تمام علاقوں میں خصوصی نگرانی رکھی جا رہی ہے تاکہ صفائی کے قوانین کی خلاف ورزی کو روکا جا سکے۔رانچی میونسپل کارپوریشن کی ٹیم نے شہر کے مختلف یلو اسپاٹس پر خصوصی مہم چلائی، جس کے دوران کھلے میں پیشاب کرتے پائے جانے والے کئی افراد کی نشاندہی کی گئی۔ میونسپل قوانین کی خلاف ورزی پر ہر فرد سے موقع پر ہی 100 روپے کا جرمانہ وصول کیا گیا۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی محض تنبیہ نہیں بلکہ صفائی قوانین پر سختی سے عمل درآمد کا واضح پیغام ہے، اور آنے والے دنوں میں ایسی مہمات مزید تیز کی جائیں گی۔میونسپل کارپوریشن نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ کھلے میں پیشاب اور رفع حاجت میونسپل ایکٹ کے تحت قابل سزا جرم ہے اور سوچھ سرویکشن کے معاملے میں کسی بھی سطح پر لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام زونل افسران، صفائی انسپکٹروں اور نفاذی ٹیموں کو باقاعدہ جانچ اور کارروائی کے احکامات دیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ عوامی بیت الخلاؤں کا استعمال کریں اور عوامی مقامات پر پان، گٹکھا اور تمباکو تھوکنے سے گریز کریں، بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔میونسپل حکام کے مطابق سوچھ سرویکشن محض نمبروں کی دوڑ نہیں بلکہ شہریوں کی سوچ اور رویے میں تبدیلی کی ایک مہم ہے، جس کے بغیر مستقل بہتری ممکن نہیں۔



