تیجسوی یادو کے دورۂ رانچی کی تیاری تیز،5 اپریل کو استقبال کیا جائے گا
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 15؍ مارچ: ریاستی آر جے ڈی ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس صوبائی دفتر میں منعقدہوئی۔ اجلاس کی صدارت صوبائی صدر و رکن اسمبلی سنجے کمار سنگھ یادو نے کی۔ اجلاس کے دوران وزیر محنت و صنعت سنجے پرساد یادو، صوبائی صدر سنجے سنگھ یادو، آر جے ڈی لیڈر آف لیجسلیٹو پارٹی سریش پاسوان، ایم ایل اے نریش سنگھ، سابق وزیر ستیا نند بھوکتا، سابق ایم ایل اے گوتم ساگر رانا، کوڈرما کے سابق امیدوار سبھاش پرساد یادو، ترجمان و سینئرلیڈر کیلاش یادو، ڈاکٹر منوج، انیتا یادو، رام یادو، مقبول انصاری، منوج پانڈے، سنیل ساہو، پرنے ببلو، تارا پد مہتو، کمال خان اور جناردن کمار نے خطاب کیا، جبکہ نظامت کے فرائض یوتھ ونگ کے صدر رنجن یادو نے انجام دیے۔ اس موقع پر ریاست کے تمام عہدیدار، 24 اضلاع کے صدور، میٹروپولیٹن صدور اور تمام ونگز کے صدور موجود تھے۔ دورانِ گفتگو صدر سنجے سنگھ یادو، وزیر سنجے پرساد یادو اور سریش پاسوان نے کہا کہ آنے والی5 اپریل 2026 کو بہار حکومت میں اپوزیشن لیڈر اور آر جے ڈی کے قومی کارگزار صدر تیجسوی پرساد یادو کا رانچی پروگرام طے پایا ہے۔ پارٹی کی جانب سے ان کا والہانہ استقبال کیا جائے گا۔ اپنے دورہ رانچی کے دوران تیجسوی یادو پارٹی اور تنظیم کی نچلی سطح پر مضبوطی کے لیے صوبائی، ضلعی، میٹروپولیٹن اور ونگز کے عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقات و گفتگو کریں گے۔ مذکورہ معلومات فراہم کرتے ہوئے صوبائی ترجمان کیلاش یادو نے بتایا کہ آج کا اجلاس انتہائی اہم تھا، جس میں 5 اہم فیصلے لیے گئے ہیں:
اجلاس میں متفقہ فیصلے:
- 5 اپریل 2026 کو تیجسوی یادو کے رانچی آمد پر شاندار استقبال کیا جائے گا۔ پورے شہر میں ہورڈنگز، جھنڈے، بینرز اور سینکڑوں استقبالیہ دروازے بنائے جائیں گے۔
- SIR کے لیے پارٹی کے BLA 1-2 فہرست کے حوالے سے ضلع، بلاک اور پنچایت صدور کو متحرک اور بیدار کیا جائے گا۔
- ذات پات پر مبنی مردم شماری کو جلد نافذ کرنے کا مطالبہ تیز کیا جائے گا۔
- ریاست کے 24 اضلاع کی تمام پنچایتوں میں ‘لالو-تیجسوی رتھ ‘ گھمایا جائے گا اور اس رتھ کے ذریعے تمام نظریاتی بزرگوں کو یاد کیا جائے گا۔
- تنظیم کی زمینی سطح پر مضبوطی کے لیے ہر ماہ ضلع وار کنونشن منعقد کیے جائیں گے۔
یادو نے مزید بتایا کہ تیجسوی یادو کی رانچی آمد کی تیاریوں کے سلسلے میں پرسوں مورخہ 17 مارچ 2026 کو ایم ایل اے سریش پاسوان کی سرکاری رہائش گاہ پر آر جے ڈی کور کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔



