عوام کو وہم میں رکھ کر مودی حکومت جمہوری نظام کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے: سیری بیلا پرساد
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی ، 3 ؍مئی: تنظیم سازی مہم اور آئین بچاؤ ریلی کی تیاری کے سلسلے میں، ریاستی کانگریس کے نائب صدر انور احمد انصاری کی طرف سے اربا میں عبدالرزاق انصاری میموریل کے زیراہتمام ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مہمان خصوصی کے طور پر شریک انچارج سیری بیلا پرساد، ریاستی صدر کیشو مہتو، لیجس لیچر پارٹی کے لیڈر پردیپ یادو، راجیش کچھپ موجود تھے۔ اس موقع پر شریک انچارج سیری بیلا پرساد نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ملک ایک ایسے موڑ پر کھڑا ہے جہاں ہمیں سخت فیصلے لینے ہیں۔ حکمران ہمارے حقوق غصب کر رہے ہیں۔ عوام کو وہم میں رکھ کر مودی سرکار جمہوری نظام کے ساتھ کھیل رہی ہے، ہمیں آئین کو برقرار رکھنا ہے ،کتنی ہی طویل جدوجہد کیوں نہ کرنی پڑے۔ کیشو مہتو کملیش نے کہا کہ ملک کے لوگ دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح آئین پر حملہ کیا جا رہا ہے۔ پارلیمنٹ میں ملک کے وزیر داخلہ کی طرف سے آئین کے معمار بابا صاحب کی توہین کی گئی۔ عوام کی آواز کو دبایا جا رہا ہے، عوامی نمائندوں کو ایوان میں بولنے نہیں دیا جا رہا۔ ملک کے جمہوری نظام کو انتشار کی طرف لے جایا گیا ہے، اس نظام میں وسیع پیمانے پر اصلاحات کی ضرورت ہے اور یہ عوامی تعاون سے ہی ممکن ہے، اس کے لیے عوام میں عوامی بیداری مہم چلانا ہوگی۔ آئین بچاؤ ریلی اس عوامی بیداری مہم کا پہلا مرحلہ ہے۔ ہمیں آئین بچاؤ ریلی میں زیادہ سے زیادہ عوام کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی۔ ریلی میں مکمل نظم و ضبط برقرار رکھتے ہوئے ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ بی جے پی کس حکمت عملی کے تحت آئین میں تبدیلی کے اپنے منصوبے کو کامیاب بنانا چاہتی ہے۔کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر پردیپ یادو نے کہا کہ آج ملک کا بنیادی ڈھانچہ خطرے میں ہے۔ملک سیکولرازم کی جس بنیاد پر کھڑا ہے ، اسے ہلانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ پہلے جب مذہبی منافرت ہوتی تھی تو حکومت اسے ختم کرتی تھی لیکن اب حکومت خود اس نفرت کو پھیلانے میں مصروف ہے، حکومت کی اس کوشش کو ناکام بنانا ہماری ذمہ داری ہے ، ورنہ ملک میں لوگ ایک دوسرے کو شک کی نگاہ سے دیکھنے لگیں گے۔ آئین کی ہر تار کھینچی جا رہی ہے، آرٹیکل 25 اور 26 میں دیئے گئے حقوق چھینے جا رہے ہیں۔ ہمیں مل کر یہ جنگ لڑنی ہے۔ باہمی اتحاد سے ہماری آئین بچاؤ مہم ضرور کامیاب ہوگی۔پروگرام سے کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے ڈپٹی لیڈر راجیش کچھپ ، ایگزیکیوٹیو صدر بندھو ترکی، سابق ریاستی صدر راجیش ٹھاکر، سابق مرکزی وزیر سبودھ کانت سہائے، منظور احمد انصاری، راجیو رنجن پرساد نے بھی خطاب کیا۔پروگرام میں نمایاں طور پر اجے ناتھ شاہ دیو، ستیش پال منجنی، ریاض انصاری، بیلاس ترکی، عین الحق، شاہد رضوان وغیرہ موجود تھے۔



