مودی حکومت میں ایسے دہشت گردوں کو بخشا نہیں جائے گا : بابولال مرانڈی
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 23اپریل: بی جے پی کے ریاستی صدر اور قائد حزب اختلاف بابولال مرانڈی نے پہلگام میں دہشت گردی کے واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ جھارکھنڈ بی جے پی غم کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ مرانڈی نے کہا کہ یہ دہشت گردی کا پہلا واقعہ ہے جس میں دہشت گردوں نے معصوم اور نہتے لوگوں کو ان کے مذہب پوچھ کراور کلمہ پڑھنے پر مجبور کر کے قتل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت میں ایسے دہشت گردوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی جھارکھنڈ میں ایسی ذہنیت کے لوگ موجود ہیں۔ جھارکھنڈ حکومت کے وزراء شریعت کو آئین سے بالاتر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان قبر میں نہیں ہے، وہ صبر کر رہا ہے۔ وہ سڑک پر نکلے گا تو قتل عام ہوگا، ایسی زبان بولنے والے اقتدار کی کرسی پر بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پاس اسلحہ نہیں ہے اس لیے بیانات سے حملے کر رہے ہیں۔ لیکن ذہنیت میں کوئی فرق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی ذہنیت جو شریعت کو آئین سے بالاتر سمجھتی ہے اسے فوری طور پر کابینہ سے برطرف کیا جائے۔پریس کانفرنس میں ترجمان رماکانت مہتو، وجے چورسیا، مشفقہ حسن اور یوگیندر پرتاپ سنگھ بھی موجود تھے۔



