Wednesday, January 14, 2026
ہومJharkhandگڈا اور صاحب گنج میں امارت شرعیہ کی جانب سے 'ایس آئی...

گڈا اور صاحب گنج میں امارت شرعیہ کی جانب سے ‘ایس آئی آر ‘ تربیتی ورکشاپ

سرکاری دستاویزات درست رکھیں اور تعلیمی بیداری اپنائیں: مولانا احمد حسین قاسمی

صاحب گنج؍رانچی،13؍ جنوری (راست) امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ضلع گڈا اور صاحب گنج کا دورہ کیا، جہاں “ایس آئی آر” (SIR) کے حوالے سے خصوصی تربیتی نشستیں منعقد ہوئیں۔ ان پروگراموں کا مقصد اقلیتوں کو ان کے دستوری حقوق، سرکاری دستاویزات کی درستی اور سماجی بیداری کے تئیں منظم کرنا تھا۔پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے امارت شرعیہ کے معاون ناظم، مولانا احمد حسین قاسمی مدنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حالات میں ہمیں بیدار رہنے اور منظم ہونے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے ملت کو چار اہم پیغام دیے: پہلا یہ کہ دینی مکاتب کا نظام مضبوط کریں، دوسرا یہ کہ بچوں کو اعلیٰ دینی تعلیم دلائیں، تیسرا یہ کہ عصری اور جدید تعلیم کے میدان میں کمال حاصل کریں، اور چوتھا یہ کہ باہمی اتحاد و اتفاق کو ہر حال میں برقرار رکھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جھارکھنڈ میں جاری یہ بیداری مہم امیرِ شریعت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی کی قیادت میں ملت کے فکری اور سماجی مستقبل کو محفوظ بنانے کی ایک سنجیدہ کوشش ہے۔
اس موقع پر مولانا ڈاکٹر حفظ الرحمٰن حفیظ نے وقف جائیدادوں کے تحفظ پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے نئے وقف ایکٹ کے تناظر میں متنبہ کیا کہ وقف املاک ملت کی امانت ہیں، ان کا سروے کرائیں اور انہیں استعمال میں لائیں، کیونکہ استعمال ہی حفاظت کی بہترین تدبیر ہے۔ دوسری طرف، مفتی قیام الدین قاسمی اور مفتی اکرام الدین قاسمی نے پروجیکٹر کی مدد سے ایس آئی آر کی عملی تربیت دی اور شرکاء کو دستاویزات کی درستی کے تکنیکی نکات سمجھائے۔پروگرام میں نوجوانوں، دانشوروں اور بی ایل اوز نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ گھر گھر جا کر عوامی رہنمائی کا فریضہ انجام دیں گے۔ اس مہم کی کامیابی کے لیے مرکزی دفتر سے ناظم امارت شرعیہ مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی وفد کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ پروگرام کو کامیاب بنانے میں مولانا شمس پرویز مظاہری، مفتی صدام قاسمی اور مفتی انظر عالم قاسمی نے کلیدی کردار ادا کیا۔ مہگاواں کہ موضع دگھی کہ پروگرام میں مولانا محمد شمس پرویز مظاہری صدر تنظیم امارت شرعیہ ضلع گڈا اور حافظ حامد الغازی نے نمایاں کردار ادا کیا جبکہ صاحب گنج کے پروگرام کو کامیاب بنانے میں مفتی مولانا صدام قاسمی قاضی شریعت گنج و پاکوڑ اور مفتی انظر عالم قاسمی امام وخطیب جامع مسجد السی روڈ پیش پیش رہے۔یہ دونوں پروگرام قائد وفد مولانا احمد حسین قاسمی کی دعا پر اختتام پذیر ہوئے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات