ریزرویشن اور حقوق کی بحالی کا مطالبہ
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 2 اگست:۔ آج آل انڈیا شیڈولڈ کاسٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے بینر تلے شیڈولڈ کاسٹ (ایس سی) برادری نے رانچی کے راج بھون کے سامنے زبردست مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ ایس سی کمیشن کا قیام، ریزرویشن کی بحالی اور برادری کو سیاسی و انتظامی نمائندگی یقینی بنائی جائے۔مقررین نے کہا کہ آزادی کو 78 سال ہو چکے ہیں، لیکن اس کے باوجود ایس سی برادری آج بھی معاشی، سماجی اور تعلیمی طور پر پسماندہ ہے۔سماجی کارکن رنجے بھارتی (چترا سے آئے) نے کہا کہ جھارکھنڈ کے قیام کے بعد ہمیں ہمارے حقوق ملنے چاہیے تھے، لیکن آج بھی ہم تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔مطالبہ کیا گیا کہ:رانچی میونسپل کارپوریشن کے میئر کا عہدہ دوبارہ ایس سی زمرے کے لیے مخصوص کیا جائےجھارکھنڈ اسمبلی کے مرکزی دروازے پر ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کا مجسمہ نصب کیا جائےجو رکن اسمبلی یا رکن پارلیمان برادری کے اس جدوجہد میں ساتھ نہیں دیں گے، ان کا سماجی بائیکاٹ کیا جائے گاواضح رہے کہ راتو روڈ ایلیویٹڈ کاریڈور بننے کے بعد راج بھون کے سامنے مظاہروں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے سبزی مارکیٹ کے سامنے ایک مخصوص جگہ کو مظاہروں کے لیے مختص کر دیا گیا ہے۔کاںکے کے سابق ایم ایل اے سمری لال نے کہا کہ 25 سال میں پہلی بار ایس سی برادری کے لوگ اتنی بڑی تعداد میں متحد ہوئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جھارکھنڈ میں 10 لاکھ سے زائد صفائی ملازمین ایس سی برادری سے تعلق رکھتے ہیں، لیکن آج تک ان کے لیے کوئی ہاسٹل تعمیر نہیں کیا جا سکا۔



