ایم پی وی ڈی رام نے کی ریلوے کی منظوری کی تصدیق
جدید بھارت نیوز سروس
میڈنی نگر، 14 جنوری :۔ رانچی سے نئی دہلی جانے والی غریب رتھ ایکسپریس ٹرین کا ٹھہراؤ اب پلاموں ضلع کے محمدگنج ریلوے اسٹیشن پر بھی ہوگا۔ ریلوے نے اس کی منظوری دے دی ہے۔ اس بات کی جانکاری پلامو کے رکنِ پارلیمنٹ وی ڈی رام نے دی۔ اس کے ساتھ ہی علاقے کے عوام کی برسوں پرانی مانگ پوری ہو گئی ہے۔ ایم پی وی ڈی رام نے بتایا کہ جلد ہی محمدگنج ریلوے اسٹیشن پر ایک رسمی تقریب منعقد کر کے ٹرین کے ٹھہراؤ کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹرین جھارکھنڈ اور بہار کے مسافروں کے لیے بے حد اہم ہے، جس کے ذریعے روزانہ بڑی تعداد میں طلبہ، ملازمت پیشہ افراد، تاجر، مریض اور عام مسافر رانچی، دہلی اور دیگر شہروں کا سفر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محمدگنج ریلوے اسٹیشن پلاموں پارلیمانی حلقہ کا ایک اہم اسٹیشن ہے۔ یہاں غریب رتھ کے ٹھہراؤ کی منظوری ملنے سے محمدگنج، حیدر نگر اور کانڈی بلاک کے علاوہ بہار کی سرحد سے متصل دیہات کے لوگوں کو آمد و رفت میں سہولت حاصل ہوگی۔ ایم پی نے بتایا کہ اس ٹرین کے ٹھہراؤ کی مانگ کو لے کر انہوں نے لوک سبھا میں قاعدہ 377 کے تحت معاملہ اٹھایا تھا اور زیرو آور میں بھی اس موضوع کو رکھا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ڈویژنل اور زونل سطح کی میٹنگوں میں بھی یہ مسئلہ اٹھایا گیا۔ ریلوے وزیر اشونی ویشنو کو خط لکھ کر اور ذاتی ملاقات کے دوران بھی اس سلسلے میں درخواست کی گئی تھی۔



