اردو گنگا جمنی تہذیب کی علم بردار ہے:ڈاکٹر شاہنواز خان
رام گڑھ،25دسمبر:انجمن فروغ اردو جھارکھنڈ، رام گڑھ ضلع یونٹ کے زیراہتمام ضلع کے تمام بلاکس میں اردو مقابلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں بدھ کو الفاطمہ اردو گرلز ہائی اسکول، گولپار میں رامگڑھ بلاک سطح کا اردو معلومات و خوشخطی مقابلہ کا انعقاد کیا گیا۔ مقابلے کے بعد تقسیم اسناد کی تقریب ہوئی۔ تقریب کی صدارت فخر عالم نے کی جب کہ نظامت کی فریضہ مولانا کلیم الدین رضوی نے بخوبی نبھایا۔ انجمن فروغ اردو شمالی چھوٹا ناگپور انچارج ڈاکٹر شاہنواز خان اس تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خان نے کہا کہ اردو ہندستان کی گنگا جمنی تہذیب کی علم بردار ہے۔ یعنی یہ کسی ایک ذات اور مذہب کی زبان نہیں بلکہ ہندستان کی ملی جلی تہذیب کی زبان ہے۔ اس کے خوبصورت الفاظ دل سے نکل کر دل کی گہرائیوں تک پہنچ جاتے ہیں۔ لہذا یہ زبان ہمارے درمیان فاصلے کم کرتی ہے۔ الفاطمہ اردو گرلس ہائی اسکول کے صدر فخر عالم نے کہا کہ اپنی سادگی اور آسان فہم کی وجہ سے اردو زبان آج بھی ہندستانی عدالتوں میں رائج ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ دنیا بھر میں اردو زبان سیکھنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ جھارکھنڈ میں اس معاملے میں بے حسی ہے۔ اس بے حسی کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ اردو معلومات مقابلہ سینئرگروپ میں اول سائرہ مصطفیٰ، دوم آئمہ پروین و سوم عافیہ پروین اور جونیئر گروپ میں اول فائزہ پروین، دوم شافیہ شکیل و سارا زینت سوم مقام حاصل کی۔ اسی طرح اردو خوشخطی مقابلہ میں اول نیہا پروین، دوم شائستہ پروین و سوم ضیا زینب اور جونیئر گروپ میں اول فائقہ پروین، دوم خوشنما پروین اور چاہت پروین تیسرے مقام حاصل کی۔ اس موقع پر اولین مقام حاصل کرنے والوں کو اسناد اور تحائف سے نوازنے کے ساتھ تمام شرکا کو میڈلز دے کر حوصلہ بڑھایا گیا۔ پروگرام کو کامیاب بنانے میں کوآرڈینیٹر اقبال احمد، ماسٹر ظہیر الدین، ڈاکٹر ریاض، آصف اقبال، آزاد احمد قریشی، محمد اسلم، دلدار انصاری، جابر احمد، رونق احمد، نازنین پروین، زویا قریشی، حنا پروین، عشرت پروین، نرگس پروین، آفرین صدف، مسکان پروین وغیرہ کا خصوصی تعاون رہا۔



