میں سی ایم ہوں اور سی ایم ہی رہوںگا
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،9؍جنوری:جھارکھنڈ کے سابق وزیراعلیٰ رگھوور داس نے کہا ہے کہ وہ وزیراعلیٰ ہیں اور ہمیشہ وزیراعلیٰ رہیں گے۔ یہ بات بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر رگھوور داس نے کہی ہے، جنہوں نے حال ہی میں اڈیشہ کے گورنر کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ جمعہ (10 جنوری 2025) کو ایک بار پھر فعال سیاست میں واپس آنے جارہے ہیں۔ وہ بی جے پی کے ایک عام کارکن کے طور پر تنظیم میں داخل ہونے جا رہے ہیں۔ رانچی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے رگھوور داس نے سی ایم کی مکمل شکل بھی بتا دی۔ انہوںنے کہا کہ سی ایم کا مطلب عام آدمی ہے۔ وہ شخص جس سے کوئی بھی کسی بھی وقت مل سکتا ہے۔رگھوور داس نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اب تک انہیں جو بھی ذمہ داری سونپی ہے، اس کو پوری لگن کے ساتھ نبھایا ہے۔ وہ آئندہ بھی ایسا ہی کرتے رہیں گے وہ 10 جنوری کو دوبارہ پارٹی کی رکنیت لینے جا رہے ہیں۔ پارٹی انہیں جو بھی کام سونپے گی وہ کریں گے۔ جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ پارٹی میں ایک عام کارکن کی طرح کام کریں گے۔ اگر مجھے کوئی ذمہ داری ملی تو ایک وفادار کارکن کی حیثیت سے قبول کروں گا۔جب ان سے ایک بار پھر فعال سیاست میں واپسی کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ میں نے خود کو کبھی کسی ایک سرے سے نہیں باندھا۔ وہ جھارکھنڈ کے وزیر اعلی اور اڈیشہ کے گورنر تھے۔ میں نے ہمیشہ سوچا کہ عام لوگوں کی مدد کیسے کی جائے۔ اڈیشہ کے گورنر کے طور پر اپنے 14 ماہ کے دور میں انہوں نے راج بھون کے دروازے عام لوگوں کے لیے ہمیشہ کھلے رکھے۔فعال سیاست میں آنے سے پہلے ہی رگھوور داس نے اعلان کیا ہے کہ وہ جھارکھنڈ میں مذہب کی تبدیلی کے خلاف تحریک شروع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ میں بڑے پیمانے پر مذہب کی تبدیلی ہو رہی ہے۔ اس کو روکنے والا کوئی نہیں۔ مذہب کی تبدیلی کے ذریعے قبائلی معاشرے کو تباہ کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ وہ ایسا نہیں ہونے دیںگے۔ ہم ہر گاؤں میں جائیں گے اور مذہب کی تبدیلی کو روکنے کے لیے تحریک چلائیں گے۔ ہم لوگوں سے پوچھیں گے کہ اس کے پیچھے کون ہے؟ قبائلیوں اور مقامی لوگوں کی شناخت کو منظم طریقے سے مٹانے کی سازش کیوں کی جا رہی ہے؟ جب رگھوور داس جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ تھے تو انہوں نے جھارکھنڈ اسمبلی میں مذہب کی تبدیلی کے خلاف سخت بل پیش کیا تھا۔



