Friday, January 9, 2026
ہومJharkhandمادری زبان میں تعلیم سے ہی قبائلی اور علاقائی زبانوں کا تحفظ...

مادری زبان میں تعلیم سے ہی قبائلی اور علاقائی زبانوں کا تحفظ ممکن

کثیر لسانی تعلیم‘ پر قومی کنکلیو کے افتتاحی سیشن سے وزیر سدیویہ کمار کا خطاب

جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،7؍جنوری: حکومتِ جھارکھنڈ کے وزیر برائے اعلیٰ و تکنیکی تعلیم سدیویہ کمار نے ہوٹل چانکیہ بی این آر، رانچی میں منعقدہ ‘کثیر لسانی تعلیم‘ پر قومی کنکلیو کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جھارکھنڈ لسانی تنوع کی ایک زندہ مثال ہے، جہاں “کوس کوس پر پانی بدلے، دس کوس پر وانی” کی کہاوت پوری طرح سچ ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں پانچ قبائلی اور چار علاقائی زبانیں ہیں اور 24 اضلاع کو کسی ایک زبان میں نہیں پرویا جا سکتا۔ کثیر لسانی تعلیم ہی جھارکھنڈ کی ثقافتی شناخت، شمولیت اور معیاری تعلیم کا سنگِ بنیاد ہے۔ وزیر نے مادری زبان پر مبنی تعلیم کی سائنسی اور جذباتی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ماں ہی بچے کی پہلی معلمہ ہوتی ہے، اسی لیے ‘مدر ٹنگ‘ کا تصور تعلیم کی اصل بنیاد ہے۔ اگر بنیادی تعلیم سادہ، دلچسپ اور عملی نہیں ہوگی، تو وہ صرف بلیک بورڈ تک محدود رہ جائے گی اور بیدار شہریوں کی تعمیر نہیں کر پائے گی۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کیا کہ آج قبائلی اور علاقائی زبانیں ختم ہونے کے دہانے پر ہیں اور بچوں کو ان کی اپنی زبان میں تعلیم دینا ہی ان زبانوں کے تحفظ کی پہلی اور سب سے مضبوط کوشش ہے۔ کھورٹھا زبان کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مادری زبان میں تعلیم سے ہی زبانوں کی مخصوص آوازیں اور پہچان زندہ رہ سکتی ہیں۔ سدیویہ کمار نے بتایا کہ فی الحال ‘پلاش پروجیکٹ‘ ریاست کے صرف 8 اضلاع میں چل رہا ہے، جبکہ اسے بقیہ 16 اضلاع تک وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے محکمانہ سکریٹری اور وزیر اعلیٰ سے گزارش کی کہ کھورٹھا، ناگپوری، پنچ پرگنیا اور کرمالی جیسی علاقائی زبانوں کو نظامِ تعلیم میں مضبوطی سے شامل کیا جائے۔ اس موقع پر کثیر لسانی تعلیمی مواد کی تیاری میں تعاون کرنے والی طالبات اور اساتذہ کو اعزاز سے نوازتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاستی سطح پر اساتذہ کو دی گئی یہ عزت افزائی دیگر اساتذہ کے لیے مشعلِ راہ بنے گی۔ ساتھ ہی، ملک کی مختلف ریاستوں سے آئے ہوئے نمائندوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اس دو روزہ قومی کنکلیو سے حاصل ہونے والے تجربات جھارکھنڈ کی اسکولی تعلیم کو ایک نئی سمت فراہم کریں گے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات