جدید بھارت نیوز سروس
چائباسہ، 20 اکتوبر:۔ پولیس نے کرائی کیلا تھانہ کے تحت لادورا ڈیہہ اور سورو گڑا کے جنگل میں نکسلیوں کے ذریعہ چھپائی گئی دو ایس ایل آر (رائفل) برآمد کی ہیں۔ اس سلسلے میں پولیس سپرنٹنڈنٹ آشوتوش شیکھر نے چائباسہ میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ 18 اکتوبر کو پولیس سپرنٹنڈنٹ کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ مئی 2024 میں ممنوعہ سی پی آئی ماؤ نواز نکسلائیٹ تنظیم کے ساتھ پولس انکاؤنٹر ہوا تھا، جس میں نکسل بدھرام منڈا مارا گیا تھا۔ مذکورہ واقعہ کے بعد نکسلی تنظیم کے دیگر ارکان امیت منڈا، پربھات منڈا، چمن عرف لمبو، سالوکا کیام، رسیب عرف جیوری، بلبل، بیر سنگھ، ہیمنتی اور سنجے نے کرائی کیلا کے تحت لادورا ڈیہہ اور سروگڑا کے جنگل میں ہتھیار چھپائے ہیں۔ اس کی روشنی میں پولیس اسٹیشن نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (آپریشنز) چائباسہ کی قیادت میں سی آر پی ایف 157 بٹالین کے ساتھ ایک مشترکہ آپریشن ٹیم تشکیل دی اور مذکورہ جنگل میں تلاشی مہم شروع کی گئی۔



