100 جوان کا رکشک فلائنگ اسکواڈ تعینات،جرائم پیشوں پر رہےگی سخت نظر
جدید بھارت نیوز سروس
ہزاریباغ،30؍جون: ضلع ہزاری باغ میں بڑھتے ہوئے جرائم پر قابو پانے کے لیے پولیس نے بڑی کارروائی کی ہے۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس انجنی انجن کی ہدایت پر 50 موٹر سائیکلوں پر تعینات 100 پولس اہلکاروں پر مشتمل خصوصی رکشک فلائنگ اسکواڈ تشکیل دیا گیا ہے۔ یہ دستہ 24 گھنٹے ضلع کے مختلف علاقوں میں گشت کرے گا اور جرائم پیشہ افراد پر کڑی نظر رکھے گا۔گزشتہ 15 دنوں سے ضلع میں جرائم کی وارداتوں میں تیزی آئی ہے۔ چوری، چھینا جھپٹی، آتش زنی اور فائرنگ جیسے واقعات نے عام لوگوں میں خوف کا ماحول پیدا کر دیا ہے اور پولیس انتظامیہ کی تشویش میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔پولیس سپرنٹنڈنٹ انجنی انجن نے بتایا کہ جرائم پر قابو پانے کے لیے ہمہ جہت تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ ضلع میں سی سی ٹی وی کیمروں کی مرمت کی جا رہی ہے، مختلف مقامات پر پی سی آر وین تعینات کر دی گئی ہیں، گاڑیوں کی چیکنگ مہم تیز کر دی گئی ہے اور پرانے جرائم پیشہ افراد کا ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔ ایس پی نے عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں، تاکہ بروقت کارروائی کی جاسکے۔



