جھارکھنڈ کی ہمہ جہت ترقی کے روڈ میپ کو 16ویں مالیاتی کمیشن کے سامنے پیش کرنے کا حکم
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 28 مئی:۔ آج وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے مالیاتی وزیر رادھا کرشن کشور، چیف سکریٹری الکا تیواری اور مالیاتی سکریٹری پرشانت کمار کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں مالیاتی کمیشن کے سامنے پیش کیے جانے والے نکات اور سفارشات پر تفصیلی غور کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت کمیشن سے مرکز کے محاصل میں جھارکھنڈ کی حصہ داری کو 41 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کرنے کی مانگ کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی زور دیا کہ تمام سفارشات ریاست کے شہری و دیہی علاقوں کی یکساں ترقی کے تناظر میں دی جائیں۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے ریاست کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ 16ویں مالیاتی کمیشن کی ٹیم کے سامنے جھارکھنڈ کے ہمہ جہتی ترقیاتی منصوبوں کا مؤثر روڈ میپ پیش کریں۔ یہ ٹیم آج سے چار روزہ دورے پر ریاست میں موجود ہے، جس کی قیادت کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر اروند پنگڑھیا کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سورین نے افسران کو سختی سے ہدایت دی ہے کہ ریاست میں ان شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے جہاں ترقی کی رفتار سست رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفارشات ایسی ہوں جن سے ہر طبقے اور کمیونٹی کے افراد کو فائدہ پہنچے اور ریاست کا ہمہ جہتی ترقیاتی روڈ میپ واضح ہو۔
کمیشن کے اراکین کی آمد اور قیام
16ویں مالیاتی کمیشن کے بیشتر ارکان آج رانچی پہنچ چکے ہیں۔ ان کے قیام کے لیے شہر کے ریڈیسن بلو ہوٹل میں انتظام کیا گیا ہے۔ جبکہ کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر اروند پنگڑھیا 29 مئی کو براہ راست دہلی سے دیوگھر آئیں گے۔
29 مئی کو دیوگھر میں دورہ اور میٹنگ
29 مئی کو کمیشن کی ٹیم دیوگھر میں بابا بیدیناتھ دھام مندر میں پوجا کرے گی، جس کے بعد دیوگھر ڈویژن کے شہری و دیہی بلدیاتی اداروں کے نمائندوں سے ملاقات کی جائے گی۔ رانچی سے دیوگھر کے لیے ٹیم کے سفر کے لیے دو ہیلی کاپٹر کا انتظام کیا گیا ہے۔
30 مئی کو رانچی میں میٹنگ
30 مئی کو رانچی میں مالیاتی کمیشن کی ٹیم ریاستی وزراء، اعلیٰ افسران، تجارتی تنظیموں، چیمبر آف کامرس، مقامی بلدیاتی اداروں اور سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقات کرے گی۔ اس دن کئی اہم اجلاس طے ہیں جن میں ریاست کی مالی، سماجی و اقتصادی صورتحال، گرانٹس کا استعمال، اور مرکزی امداد پر گفتگو کی جائے گی۔



