12.3 کلو افیون اور دو موبائل فون ضبط
جدید بھارت نیوز سروس
چترا،11؍دسمبر: چترا ایس پی سمیّت کمار اگروال کی بہتر پولسنگ کا نتیجہ ہے کہ روزانہ جرائم پیشہ اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو سلاخوں کے پیچھے بھیجا جا رہا ہے۔ آج ایک بار پھر گدھور تھانہ علاقے سے دو افیون اسمگلروں کو گرفتار کرکے عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔اس سلسلے میں ایس پی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں ایس پی نے میڈیا کو اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ خفیہ اطلاع ملی تھی کہ گدھور تھانہ علاقے کے لوٹر ڈیم کے قریب کچھ افراد غیر قانونی افیون کی خرید و فروخت کرنے والے ہیں۔ اطلاع کی تصدیق اور کارروائی کے لیے سِماریا ایس ڈی پی او شبھم کھنڈیلوال کی قیادت میں ایک چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی گئی۔چھاپہ مار ٹیم نے گدھور تھانہ کے تحت لوٹا ر ڈیم سے رہومر جانے والی سڑک پر دو افراد کو مشکوک حالت میں آتے دیکھا، جو پولیس کو دیکھتے ہی بھاگنے لگے۔ دونوں کو پکڑ لیا گیا اور ان کے پاس سے سفید پلاسٹک میں تقریباً 12.3 کلو غیر قانونی افیون برآمد کی گئی۔ ان کے پاس سے دو موبائل فون بھی ضبط کیے گئے۔ ایس پی نے بتایا کہ ضبط شدہ افیون کی بازاری قیمت تقریباً 15 لاکھ روپے ہے۔گرفتار اسمگلروں کے خلاف گِدّھور تھانہ کیس نمبر 103/25 کے تحت دفعہ 17(C)/18(B)/ 21(C)/22(C)/27(A)/28/29 این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے، تاکہ اس میں ملوث دیگر افراد کا بھی پتہ لگایا جا سکے۔گرفتار افیون اسمگلروں کی شناخت پپّو کمار (عمر تقریباً 10 سال)، ولد کیلاش یادو، ساکن سلگا، اور ببلو کمار مہتو (عمر تقریباً 32 سال)، ولد مرحوم لاٹو مہتو، ساکن پانڈے ٹولہ، تھانہ گِدّھور، ضلع چترا کے طور پر ہوئی ہے۔اس چھاپہ مار ٹیم میں سمریا ایس ڈی پی او شبھم کھنڈیلوال، گِدّھور تھانہ انچارج شیو یادو، سب انسپکٹر ودیانند شرما، رنجے کمار سنگھ کے علاوہ تھانہ کے مسلح دستے کے جوان شامل تھے۔



