بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد
گریڈیہہ پولیس اور سی آر پی ایف کی ٹیم نے بڑی کامیابی حاصل کی
جدید بھارت نیوز سروس
گر یڈ یہہ 16 مئی :نکسلیوں کے خلاف چلائے جارہے تلاشی آپریشن میں گریڈیہہ پولیس اور سی آر پی ایف کی ٹیم نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ پولیس نے نکسلیوں کے ٹھکانے سے رائفل، ایس ایل آر اور بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد کیا ہے۔ مذکورہ کارروائی پولیس کو ملنے والی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی۔خفیہ اطلاع کی بنیاد پر سی آر پی ایف اور گریڈیہہ پولیس گزشتہ کچھ دنوں سے پارس کے ترائی علاقے میں مسلسل تلاشی آپریشن کر رہی تھی۔ پولس کو اطلاع ملی تھی کہ نکسلیوں نے ایک بنکر میں بھاری مقدار میں ہتھیار اور دھماکہ خیز مواد محفوظ کر رکھا ہے۔ مشترکہ آپریشن کے دوران پولیس نے نکسل متاثرہ کھوکھرا تھانہ علاقہ میں جوکنالہ کے قریب ایک بنکر سے 14 ہتھیار برآمد کئے۔برآمد ہونے والے اسلحے میں 303 بور رائفل، ایس ایل آر، گن پاؤڈر اور دیگر اسلحہ شامل ہے۔ معلومات کے مطابق برآمد کیے گئے ہتھیاروں میں سے کئی رائفلیں اور ایس ایل آر پولیس سے لوٹی ہوئی بتائی جاتی ہیں۔ بڑی تعداد میں ہتھیار برآمد کرنے کے بعد گریڈیہہ پولیس اور سی آر پی ایف نے پارس ناتھ پہاڑ کے دامن میں نکسل متاثرہ علاقے میں نکسلیوں کے خلاف آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔گریڈیہہ کے ایس پی ڈاکٹر ومل کمار نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نکسلیوں کے ایک بنکر کے بارے میں خفیہ اطلاع ملی تھی اور اس اطلاع کی بنیاد پر گریڈیہہ ضلع پولیس اور سی آر پی ایف کی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ اس ٹیم نے پارس ناتھ کے ترائی علاقے میں تلاشی مہم چلائی اور نکسلیوں کا ایک بنکر دریافت کیا جہاں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔



