گورنر گنگوار نے حلف دلایا
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 9 جنوری :۔ جھارکھنڈ ہائی کورٹ کو نئے چیف جسٹس مل گئے ہیں۔ گورنر سنتوش گنگوار نے آج رانچی کے لوک بھون میں جسٹس مہیش شرد چندر سونک کو جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف دلایا۔وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، وزیر رادھا کرشن کشور، قائد حزب اختلاف بابولال مرانڈی، وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ، قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر رابندر ناتھ مہتو، ہائی کورٹ کے دیگر جج، ایڈوکیٹ جنرل، ریاستی بار کونسل کے چیئرمین اور دیگر حکام اور ریاستی حکومت کے کئی وزراء بھی حلف برداری کی تقریب میں موجود تھے۔ سب نے چیف جسٹس کو گلدستے پیش کرکے مبارکباد دی۔ مہیش شرد چندر سونک کی بطور چیف جسٹس مدت ملازمت 28 نومبر 2026 تک رہے گی۔ انہیں بامبے ہائی کورٹ سے جھارکھنڈ منتقل کیا گیا ہے۔جسٹس سونک کو اکتوبر 1988 میں بار کونسل آف مہاراشٹرا اور گوا میں ایک وکیل کے طور پرنامزد کیا گیاتھا۔ اپنے قانونی کیریئر کے دوران، سونک نے مرکزی حکومت کے لیے ایڈیشنل اسٹینڈنگ کونسل، ریاستی حکومت کے لیے خصوصی وکیل اور کارپوریشنوں کو قانونی خدمات فراہم کیں۔ان کی قانونی ذہانت اور تجربے کے اعتراف میں، انہیں 21 جون 2013 کو بامبے ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔ جسٹس سونک کی پیدائش 28 نومبر 1964 کو ہوئی تھی۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم پنجی، گوا کے ڈان باسکو ہائی اسکول سے مکمل کی۔ اس کے بعد انہوں نے ڈھیمپے کالج آف آرٹس اینڈ سائنس سے بی ایس سی کی پڑھائی کی ۔ ایم ایس کالج آف لاء، پنجی سے فرسٹ کلاس کے ساتھ ایل ایل بی کی سند حاصل کی۔



