جدید بھارت نیوز سروس
لاتیہار،4؍دسمبر: لاتیہار پولیس نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے خطرناک مجرمانہ تنظیم اَمن ساہو اور راہل سنگھ گینگ کے منی ٹریل کے اہم ماسٹر مائنڈ شاہد انصاری کو گرفتار کر لیا۔ شاہد انصاری رانچی کے آزاد نگر کا رہنے والاہے اور اسے پولیس نے رانچی سے ہی پکڑا۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ اس نے گزشتہ سال لیوی کے ذریعے وصول کیے گئے تقریباً 50 لاکھ روپے مختلف ذرائع سے ٹرانسفر کیے تھے۔مذکورہ گینگ لاتیہار ضلع میں بھی اپنا اثر بڑھانے کی کوشش کر رہا تھا۔ گینگ کے افراد علاقے میں وارداتیں انجام دے کر خوف و دہشت پیدا کر رہے تھے اور بھاری رقم کی وصولی کر رہے تھے۔ ان کی بڑھتی سرگرمیوں کے پیشِ نظر بالوماتھ تھانہ میں مقدمہ درج کیا گیا، جس کے بعد پولیس نے مسلسل کارروائیاں کرتے ہوئے کئی مجرموں کو گرفتار کیا۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ شاہد انصاری گینگ کے مالیاتی معاملات کو خفیہ طور پر سنبھالتا تھا، جس کے بعد اسے گرفتار کرنے کے لیے خصوصی حکمتِ عملی بنائی گئی۔گرفتاری کے بعد سخت پوچھ گچھ میں شاہد انصاری نے اعتراف کیا کہ وہ اَمن ساہو اور راہل سنگھ گینگ کے لیے کام کرتا ہے، لیوی کی رقم اکٹھی کرتا ہے اور اسے مختلف ذرائع سے منتقل کرتا ہے۔ وہ گینگ کے اراکین کے درمیان رابطے قائم کرنے کا بھی ذمہ دار تھا۔ پولیس کے مطابق گینگ کے سات مجرم پہلے ہی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔شاہد انصاری کی جلد شادی ہونے والی تھی، جو آکاش رائے کی سالی سے طے تھی، لیکن گرفتاری کے بعد یہ ممکن نہ ہو سکا۔ پولیس اب اس کے مجرمانہ پس منظر اور تمام پہلوؤں کی باریک بینی سے جانچ کر رہی ہے۔



