Monday, February 2, 2026
ہومJharkhandوزیر شلپی نیہا ترکی نے مانڈر اور چانہو میں تعلیمی ترقی کی...

وزیر شلپی نیہا ترکی نے مانڈر اور چانہو میں تعلیمی ترقی کی 4 اسکیموں کا سنگ بنیاد رکھا

کہا:طلبہ کے بہتر مستقبل کے لیے تعلیمی وسائل میں اضافہ حکومت کی ترجیح

جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 02؍ فروری: “پڑھے گا جھارکھنڈ، تو بڑھے گا جھارکھنڈ” کے تصور کو عملی جامہ پہنانے کی سمت میں ریاستی حکومت روزانہ اقدامات کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں ڈی ایم ایف ٹی (DMFT) اور سی سی ایل (CCL) کے سی ایس آر فنڈ کے تحت چار اسکیموں کا سنگ بنیاد ریاست کی وزیر زراعت، مویشی پروری اور کوآپریٹیو شلپی نیہا ترکی نے مانڈر اور چانہو بلاک میں رکھا۔ ڈی ایم ایف ٹی فنڈ سے مانڈر بلاک کے سرکاری مڈل اسکول میں 8 کلاس رومز کی عمارت اور جھارکھنڈ رہائشی گرلز اسکول مانڈر میں 3 اضافی کمروں کی تعمیراتی اسکیم کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ دوسری طرف، چانہو بلاک میں سی سی ایل کے سی ایس آر فنڈ سے گورنمنٹ مڈل اپگریڈڈ اسکول ہٹار میں سولر پاور ڈیپ بورنگ اور ڈائننگ شیڈ کی تعمیر کے ساتھ ساتھ گورنمنٹ اپگریڈڈ مڈل اسکول چانہو میں ڈی ایم ایف ٹی فنڈ سے 8 کمروں کی تعمیراتی اسکیم کا وزیر موصوفہ نے سنگ بنیاد رکھا۔ تقریبِ سنگ بنیاد سے خطاب کرتے ہوئے وزیر شلپی نیہا ترکی نے کہا کہ طلباء کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر کمروں کی تعداد اور سہولیات میں اضافہ ضروری ہے۔ ڈی ایم ایف ٹی فنڈز کا استعمال ترجیحی بنیادوں پر تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے تاکہ اس کا براہ راست فائدہ عام جنتا کو مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ایک ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے۔ بہتر تعلیمی نظام کی دستیابی سے طلباء کا حوصلہ مضبوط ہوتا ہے۔ اگر طلباء دل لگا کر پڑھیں اور نظم و ضبط کے ساتھ اپنے مقصد کی طرف بڑھیں تو کامیابی ضرور ان کے قدم چومے گی۔ چانہو بلاک میں اسکیموں کے سنگ بنیاد کے بعد وزیر نے ‘الاس نو بھارت خواندگی ‘ کے تحت سرپرستوں کے درمیان لٹریسی سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔وزیر نے کہا کہ ‘الاس اسکیم ‘ کے ذریعے معاشرے کے بالغ اور ناخواندہ لوگوں کو تعلیم سے جوڑ کر انہیں مرکزی دھارے میں لانے کی بہتر کوشش کی جا رہی ہے۔ معاشرے میں شرحِ خواندگی بڑھنے سے بیداری میں اضافہ ہوتا ہے۔ جب معاشرے میں زیادہ سے زیادہ لوگ تعلیم یافتہ ہوں گے تو ترقیاتی اسکیموں کو زمین پر اتارنے میں بھی آسانی ہوگی۔ تعلیم کے شعبے میں بہتر وسائل فراہم کرنے کی سمت میں حکومت مسلسل کوشاں ہے۔ اسکولوں میں ضرورت کے مطابق کلاس رومز کی تعمیر سے تعلیم کا بہتر ماحول تیار ہوتا ہے اور معیاری تعلیم کی فراہمی میں سہولت ہوتی ہے۔ پیر کے روز وزیر موصوفہ مانڈر کے لئیو گاؤں پہنچ کر چرچ کے یومِ تاسیس کی تقریب میں بھی شریک ہوئیں۔ اس موقع پر اقلیتی ضلع صدر شمیم اختر، بلاک صدر منگا اراؤں، مہیلا کانگریس صدر سروفینا منج، خالد انصاری، اسمبلی یوتھ صدر حسین انصاری، بلاک یوتھ صدر آزاد انصاری، رانچی ضلع جنرل سکریٹری الطاف انصاری، سریتا تگا، تبارک خان، مسلم انصاری، عابد انصاری، ہوسے اراؤں، سکّا پہان، حسیب خان، کلدیپ کجور، چانہو بلاک صدر محمد اشتیاق، ارشاد خان، کانگریس کے سینئر لیڈر محمد مجیب اللہ، رکن پارلیمنٹ کے نمائندے غیاث، شیو اراؤں، مہادیو اراؤں سمیت مقامی عوامی نمائندے، انتظامی افسران، اسکول مینجمنٹ کمیٹی کے ارکان اور بڑی تعداد میں دیہاتی موجود تھے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات