ڈی سی نے تمام شہریوں سے فائلریا کی دوا لینے کی اپیل کی
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 08؍ فروی:ڈپٹی کمشنر و ضلع مجسٹریٹ رانچی، منجوناتھ بھجنتر ی نے تمام ضلع واسیو ں بالخصوص (راہے، سوناہاتو، تماڑ اور کانکے بلاک) سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ قومی لمفیٹک فائلریاخاتمہ پروگرام کے تحت ہمارے ضلع کو فائلریا (ہاتھی پاؤں) سے مکمل طور پر پاک کرنے کا ایک اہم موقع ہمارے سامنے ہے۔یہ بیماری قابلِ روک تھام ہے اور اسے جڑ سے ختم کیا جا سکتا ہے بشرطیکہ ہم سب مل کر اس مہم میں مکمل تعاون کریں۔ 10 فروری 2026 کو ضلع کے 619 بوتھس پر ماس ڈرگ ایڈمنسٹریشن (MDA) پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے۔
متاثرہ بلاک: راہے، تماڑ، سوناہاتو، کانکے (کانکے، سوناہاتو اور تماڑ کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کے علاقے)۔
ہدف آبادی: تقریباً 4,91,014 افراد (حاملہ خواتین، 2 سال سے کم عمر کے بچے اور شدید بیمار افراد کے علاوہ)۔
دی جانے والی دوائیں: DEC + Albendazole مکمل طور پر مفت اور محفوظ۔
10 فروری کو بوتھ پر دوا نہ لے پانے والے افراد کو 25 فروری 2026 تک گھر گھر جا کر دوا فراہم کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر و ضلع مجسٹریٹ رانچی نے سب سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 10 فروری 2026 کو اپنے قریبی بوتھ پر جا کر فائلریا مخالف دوا ضرور لیں۔ اپنے خاندان، پڑوسیوں، رشتہ داروں اور دوستوں کو بھی اس مہم میں شامل ہونے کی ترغیب دیں۔
معالج (ڈاکٹر) کی جانب سے دی گئی اہم تجاویز اور معلومات:
خوراک (Dose): فائلریا کو روکنے کے لیے سال میں ایک بار DEC (ڈائیتھائل کاربامازین) اور البینڈازول کی گولیاں لینی چاہئیں۔ شدید سوزش کی صورت میں اینٹی بائیوٹکس بھی دی جا سکتی ہیں۔
صفائی (Hygiene): متاثرہ حصے (ہاتھ یا پاؤں) کو روزانہ صابن اور صاف پانی سے دھونا، پھر نرم کپڑے سے خشک کرنا نہایت ضروری ہے۔
سوجن کم کرنا: متاثرہ حصے کو دن میں کئی بار اوپر (دل کی سطح سے اوپر) اٹھائیں تاکہ سیال مادے کا بہاؤ ہو سکے۔
ورزش: اعضاء میں رطوبتوں کے بہاؤ کو بڑھانے کے لیے مخصوص ورزشیں کریں۔
جلد کی دیکھ بھال: زخموں کو فنگس یا بیکٹیریا سے بچانے کے لیے اینٹی فنگل؍اینٹی بیکٹیریل کریم کا استعمال کریں۔
بچاؤ: مچھروں کے کاٹنے سے بچیں، مچھر دانی کا استعمال کریں اور جسم کو ڈھانپ کر رکھیں۔
تشخیص: رات کے وقت خون کے معائنے کے ذریعے فائلریل کیڑے کی جانچ کی جاتی ہے، کیونکہ یہ رات میں ہی متحرک ہوتے ہیں۔
بچوں کے لیے: بچوں کی عمر، قد اور وزن کی بنیاد پر دوا کی مقدار مقرر کی جاتی ہے۔
احتیاط: 2 سال سے کم عمر کے بچوں، حاملہ خواتین اور شدید بیمار افراد کو یہ دوا نہیں دی جاتی۔ 1 سے 2 سال کے بچوں کو البینڈازول کی آدھی گولی کھلائی جانی ہے۔
تمام مذاہب، ذاتوں اور برادریوں کے لوگ فعال طور پر حصہ لیں یہ ہماری اجتماعی مہم ہے۔ JSLPS (جیویکا) سے وابستہ خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس (SHGs) اس مہم کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ آپ تمام دیدیوں سے درخواست ہے کہ گاؤں کی سطح پر بیداری پھیلائیں اور دوا کا استعمال یقینی بنائیں۔ بہترین کارکردگی دکھانے والے خواتین کے گروپوں کو تعریفی اسناد دی جائیں گی۔ فائلریا سے نجات ممکن ہے لیکن اس کے لیے سو فیصد کوریج لازمی ہے۔ اگر ایک بھی شخص دوا سے محروم رہ گیا تو یہ بیماری معاشرے میں پھیل سکتی ہے۔ اس لیے یہ میری آپ سب سے ذاتی درخواست ہے:
آئیے، ہم سب مل کر 2026 کو رانچی ضلع کے لیے فائلریا سے پاک سال بنائیں۔ آنے والی نسلوں کو اس معذوری سے محفوظ رکھنے کی ذمہ داری آج ہماری ہے۔ تمام آشا ورکرز، ہیلتھ ورکرز، جیویکا دیدیاں، اساتذہ، مکھیا، گرام پردھان، کمیونٹی لیڈرز، ملازمین اور عام شہریوں سے مکمل تعاون کی توقع ہے۔



