جدید بھارت نیوز سروس
ہزاریباغ ،07/اگست: جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ اور جھارکھنڈ تحریک کے سرخیل گرو شیبو سورین کے انتقال کے بعد پوری ریاست میں سوگ کی لہر ہے۔ اسی سلسلے میں آج ہزاری باغ ضلع جے ایم ایم کے دفتر میں ایک تعزیتی اجلاس اور خراج عقیدت کا پروگرام منعقد کیا گیا۔دیشوم گرو شیبو سورین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جے ایم ایم کے کارکنان، عہدیداران اور سنٹرل ورکنگ کمیٹی کے اراکین کی ایک بڑی تعداد ہزاری باغ ضلع جے ایم ایم کے دفتر میں جمع ہوئی۔ اس موقع پر سب کی آنکھیں نم تھیں اور ماحول سوگوار تھا۔ جے ایم ایم کے ضلعی صدر سنجیو بیدیا نے کہا، “دیشوم گرو کا ہمارے درمیان سے جانا ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ وہ صرف ایک سیاست دان ہی نہیں تھے، بلکہ قبائلی شناخت کی علامت تھے۔ انہوں نے ساری زندگی غریبوں، قبائلیوں اور استحصال زدہ لوگوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کی۔ ان کے خیالات اور نظریات ہمیشہ ہمارے ساتھ رہیں گے۔”پروگرام کی صدارت بھی جے ایم ایم کے ضلع صدر سنجیو بیدیا نے کی۔ انہوں نے کہا کہ دشوم گرو کے نقصان کو کبھی پورا نہیں کیا جا سکتا۔ اجلاس میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور آنجہانی کی روح کی تسکین کے لیے پرارتھنا کی گئی۔ دشوم گرو کے انتقال سے جھارکھنڈ کی سیاست اور سماجی شعور کو گہرا صدمہ پہنچا ہے۔ لیکن آج ہر کارکن نے اپنے خیالات اور جدوجہد کی میراث کو آگے بڑھانے کا عہد کیا۔



