جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،05؍ جنوری: پارٹی اپنے کارکنوں اور آندولنکاروں کے دکھ سکھ میں ان کے ساتھ ہے۔ کارکنوں کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار سوموار کے روز جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کے جنرل سکریٹری ونود پانڈے نے کیا۔ونود پانڈے بنڈو سے آئے ہوئے پارٹی کارکنوں، تحریک کاروں اور مقامی لوگوں کے مسائل سننے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کارکن کسی بھی پارٹی کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں۔انہوں نے علاقے میں تنظیم کی مضبوطی کے حوالے سے کارکنوں سے تبادلہ خیال کیا اور انہیں ضروری ہدایات دیں۔ بنڈو سے آئے ہوئے کارکنوں نے پارٹی کے کیمپ آفس میں اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ وہیں، تحریک کاروں اور مقامی لوگوں نے بھی اپنی باتیں ان کے سامنے رکھیں۔ پانڈے نے تمام لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کی بات حکومت تک پہنچائی جائے گی اور ان کے مسائل کا حل نکالاجائے گا۔پانڈے نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی قیادت میں چل رہی حکومت ریاست کی ہمہ جہت ترقی کی سمت میں کام کر رہی ہے۔ حکومت معاشرے کے ہر طبقے کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے پرعزم ہے۔ نوجوانوں کے لیے ملازمتوں اور روزگار کے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں، جبکہ میّاں سمان یوجنا ‘ کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنایا جا رہا ہے۔



