مختلف محکموں کے تحت چلائے جا رہے اقلیتی فلاحی منصوبوں کی پیش رفت کا لیا جائزہ
منصوبوں میں اقلیتوں کی شراکت داری ان کی آبادی کے تناسب سے یقینی بنائیں : ہدایت اللہ خان
جدید بھارت نیوز سروس
جمشید پور،16؍ جنوری: جھارکھنڈ ریاستی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین ہدایت اللہ خان اور نائب چیئرمین پرنیش سولومن نے آج جمشید پور سرکٹ ہاؤس میں مختلف محکموں کے افسران کے ساتھ اقلیتی فلاح کے منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے بیٹھک کی۔ بیٹھک میں کمیشن نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ مشرقی سنگھ بھوم ضلع کے تمام محکموں میں نافذ فلاحی منصوبوں میں اقلیتوں کی شراکت داری کو ان کی آبادی کے تناسب سے یقینی بنائیں۔ انہوں نے صرف اقلیتوں کے لیے نافذ کئے جانے والی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا۔ جائزہ بیٹھک سے پہلے اقلیتی برادری کے وفد نے کمیشن کے زیر اہتمام منعقدہ عوامی سماعت میں اپنے مسائل پیش کئے۔ جس سے کمیشن کی ٹیم نے ان کے حل کے لیے فوری کارروائی کرنے کی ہدایت افسران کو دی۔ اس موقع پر مختلف اقلیتی اداروں سے جڑے نمائندوں نے اس عوامی سماعت پروگرام میں شرکت کی اور اقلیتی کمیشن کے سامنے اپنی بات رکھی۔ عوامی سماعت کے دوران کمیشن کے چیئرمین اور نائب چیئرمین نے اقلیتی سماج سے جڑے مختلف امور پر سنجیدگی سے غور کیا اور موصول ہونے والی تمام درخواستوں پر متعلقہ ضلع انتظامیہ کے افسران کو فوری اور مؤثر کارروائی کے لیے ہدایات جاری کی۔ تاکہ شکایات کا جلد از جلد حل یقینی بنایا جا سکے۔ جائزہ اجلاس کے اختتام پر شام 4 بجے ایک پریس کانفرنس بھی منعقد کی گئی۔ جس میں کمیشن کے چیئرمین اور نائب چیئرمین کے ذریعہ عوامی سماعت کے نتائج، موصولہ شکایات اور آئندہ کی کارروائی سے متعلق تفصیلات میڈیا کے ساتھ شیئر کی گئی۔ اس موقع پر اقلیتی سماج کے مفاد میں کمیشن کے اقدامات اور حکومت کی پالیسیوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ موقع پر اقلیتی کمیشن کے چیئرمین ہدایت اللہ خان نے کہا کہ کمیشن مسلسل اقلیتوں کے مسائل کے حل کی سمت میں کام کر رہی ہے اور ساتھ ہی ساتھ اقلیتوں کو ان کے حقوق سے بھی واقف کرایا جا رہا ہے۔ تاکہ وہ اپنے حقوق سے واقف ہوتے ہوئے اسے حاصل کر سکیں۔ ساتھ ہی حکومت کے فلاحی منصوبوں سے مستفید ہو سکیں۔ اقلیتوں کو در پیش آرہی پریشانیوں سے ہم واقف ہوتے ہوئے اس کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں اور اقلیتوں کے مسائل کو حکومت کے سامنے رکھتے ہوئے اس کے نمٹارہ کیلئے حکومتی سطح سے کام کرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے آگے کہا کہ ہیمنت حکومت مسلسل اقلیتوں کی پریشانیوں اور مسائل کے دور کرنے کیلئے سنجیدہ ہے اور اسی سمت میں سبھی کوشاں ہیں۔ کمیشن کے چیئرمین ہدایت اللہ خان نے آگے کہا کہ کمیشن ریاست بھر کے تمام اضلاع کا باقاعدگی سے دورہ کر رہا ہے اور اس طرح کا جائزہ لے رہا ہے۔ کمیشن کو شہریوں سے الگ الگ رپورٹس موصول ہوئی ہیں، اور ان کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ کمیشن کے چیئرمین اور وائس چیئرمین نے بتایا کہ اقلیتی اسکولوں میں اساتذہ کی خالی اسامیوں اور اسکولوں میں انفراسٹرکچر کی تعمیر سے متعلق بنیادی مسائل کی جانب وزیر اعلیٰ کی توجہ مبذول کرائی جائے گی۔ ساتھ ہی وزیر اعلیٰ اور وزیر اقلیتی فلاح کی توجہ اس جانب بھی مبذول کرائی جائے گی کہ ضلع میں جو بھی خستہ حال اسکول کی عمارتیں ہیں ان اسکولوں کو عارضی طور پر دوسری جگہ منتقل کر نئے سرے سے اسکول کی تعمیر کرائی جائے۔ اور خاص طور پر خستہ حال پبلک ویلفیئر اسکول کی عمارت کی تزئین و آرائش کرائی جائے۔ کمیشن اس بات کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات بھی کر رہا ہے کہ اقلیتی فلاح کے منصوبوں اور سرکاری خدمات کے فوائد کو ریاستی حکومت کے وژن کے مطابق اقلیتی برادری کے زیادہ سے زیادہ افراد تک پہنچایا جائے۔ موقع پر اقلیتی کمیشن کے وائس چیئرمین پرنیش سلومن نے کہا کہ ہم لگاتار یہ یقینی بنانے کی کوشش کر رہےہیں کہ تمام مسائل اور پریشانیوں کو دور کر اقلیتوں کے استحکام کاری کی سمت میں کام کریں اور اس کیلئے کمیشن پیش رفت ہے۔ ہماری کوشش رہے گی کہ اقلیتوں کے تمام مسائل جلد سے جلد حل ہو سکیں۔



