وزیر صحت عرفان انصاری نے ریاست کے لیے بڑا اعزاز قرار دیا
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،7؍اپریل: عالمی یومِ صحت کے موقع پر نامکم میں واقع ادارہ برائے عوامی صحت (IPH) اور NHM آڈیٹوریم میں منعقدہ ریاستی سطح کے پروگرام میں جھارکھنڈ کے شعبہ صحت کی ایک بڑی کامیابی سامنے آئی۔ نیشنل کوالٹی ایشورنس اسٹینڈرڈ (NQAS) رینکنگ میں جھارکھنڈ نے پورے ملک میں تیسرا مقام حاصل کیا ہے۔ پروگرام کے مہمانِ خصوصی وزیر صحت ڈاکٹر عرفان انصاری نے اس کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے اسے ریاست کے لیے تاریخی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقام حکومت کے عزم اور محکمہ صحت کی مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔ “ہم نے صحت کی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے دن رات کام کیا ہے، اور آج اس کا نتیجہ پورے ملک کے سامنے ہے۔”وزیر نے اپوزیشن کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو لوگ ریاست کے نظامِ صحت پر سوال اٹھاتے تھے، آج ان کی بولتی بند ہے۔”ہم تنقید سے نہیں، اپنے کام سے جواب دیتے ہیں۔”
جھارکھنڈ میں ‘ہیلتھ گارنٹی کارڈ‘ نافذ کیا جائے گا
ڈاکٹر انصاری نے ایک بڑے ویژن کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی ریاست میں ہیلتھ گارنٹی کارڈ نافذ کیا جائے گا، جس سے ہر شہری کو بہتر اور آسان علاج کی فراہمی یقینی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ کے ہر فرد کو صحت کا تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔
عدالتی حکم پر محکمہ نظرثانی کی درخواست دائر کرے گا
پروگرام کے دوران وزیر نے خون کی دستیابی سے متعلق جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے حکم پر بھی ردعمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈونر کے بغیر خون فراہم کرنا زمینی سطح پر چیلنجنگ ہے، اس لیے محکمہ اس حکم میں ترمیم کے لیے جلد ہی عدالت سے رجوع کرے گا۔عالمی یومِ صحت کے موقع پر وزیر صحت نے عوام سے زور دے کر اپیل کی کہ وہ اپنی صحت کی خاطر روزانہ کم از کم 45 منٹ لازمی نکالیں، کیونکہ “تندرستی ہزار نعمت ہے”؛ انہوں نے مشورہ دیا کہ صحت مند زندگی کے لیے باقاعدگی سے ورزش، یوگا اور مراقبہ کو اپنانا، متوازن غذا کا استعمال اور بھرپور نیند لینا انتہائی ضروری ہے، ساتھ ہی انہوں نے موبائل فون کے حد سے زیادہ استعمال کو بیماریوں کی جڑ قرار دیتے ہوئے اس لت سے بچنے کی خاص تاکید کی۔پروگرام کا آغاز روایتی شمع روشن کرنے کے بجائے پودوں کو پانی دے کر کیا گیا۔ آئی پی ایچ کیمپس میں شجرکاری کر کے ماحولیاتی تحفظ اور ہریالی کا پیغام دیا گیا۔وزیر صحت نے ریاست کے طبی نظام کو مستحکم کرنے کے لیے کئی اہم اعلانات کیے، جن میں 1200 مستقل ڈاکٹروں کی جلد بحالی، 7500 اے این ایم (ANM) اور جی این ایم (GNM) کی تقرری کے عمل کا آغاز، اور ریاست کو جلد 247 نئی ایمبولینسز کی فراہمی شامل ہے؛ اس کے علاوہ انہوں نے سنتھال پرگنہ میں نیا کنٹرول کمانڈ سینٹرقائم کرنے اور خون کی دستیابی کو آسان بنانے کے لیے ایک نئی پالیسی لانے کا بھی اعلان کیا۔محکمہ صحت کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اجے کمار سنگھ نے کہا کہ NQAS میں حاصل ہونے والاتیسرا مقام ریاست کے لیے باعثِ فخر ہے۔ یہ تصدیق مرکزی حکومت کی طرف سے دی گئی ہے، جو اس کی ساکھ کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے “ون ہیلتھ” (One Health) کے تصور پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صحت مند معاشرے کے لیے پورے ایکو سسٹم کا متوازن اور صحت مند رہنا ضروری ہے۔نیشنل ہیلتھ مشن جھارکھنڈ کے مشن ڈائریکٹر ششی پرکاش جھا نے کہا کہ متوازن غذا، باقاعدہ معمولات اور تناؤ سے پاک زندگی ہی اچھی صحت کی کلید ہے۔ انہوں نے لوگوں سے صحت مند طرز زندگی اپنانے کی اپیل کی۔پروگرام میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ہیلتھ ورکرز کو اعزازات سے نوازا گیا اور صحت و ماحول سے متعلق آگاہی پوسٹرز اور ہربل گارڈن ہینڈ بک کا اجرا کیا گیا۔وزیر صحت ڈاکٹر عرفان انصاری نے کہا کہ “تندرست جسم ہی سب سے بڑی دولت ہے، اور ہمارا مقصد جھارکھنڈ کے ہر شہری کو صحت مند اور محفوظ بنانا ہے۔”



