جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 24؍ جنوری:رانچی کے کانگریس بھون میں جھارکھنڈ پردیش کانگریس کمیٹی او بی سی (OBC) شعبہ کے صدر ابھیلاش ساہو کی صدارت میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ یہ اجلاس بھارت رتن جن نائک کرپوری ٹھاکر کے یومِ پیدائش اور ریاستی مجلسِ عاملہ کی کارروائی کے حوالے سے طلب کیا گیا تھا۔ اس موقع پر کل ہند کانگریس کمیٹی کے قومی کوآرڈینیٹر یوگیندر یوگی اور سابق مرکزی وزیر سبودھ کانت سہائے نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور کرپوری ٹھاکر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ یوگیندر یوگی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کرپوری ٹھاکر نے پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی تھی۔ انہوں نے بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جھارکھنڈ کی پہلی بی جے پی حکومت نے او بی سی کا ریزرویشن 27 فیصد سے کم کر کے 14 فیصد کر دیا تھا، جو کہ سراسر ناانصافی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مودی حکومت ہماری ریاست کے پسماندہ طبقوں کو ان کا جائز حق دینے میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔ ہمیں اپنی تنظیم کو بوتھ لیول تک اتنا مضبوط کرنا ہوگا کہ ہم سڑک سے لے کر ایوان تک اپنی آواز بلند کر سکیں۔ سابق مرکزی وزیر سبودھ کانت سہائے نے کرپوری ٹھاکر کے ساتھ اپنے کام کے تجربات شیئر کرتے ہوئے انہیں ایک ایماندار اور نڈر لیڈر قرار دیا اور کارکنوں کو ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی ہدایت دی۔ شعبہ کے صدر ابھیلاش ساہو نے واضح کیا کہ وہ ریزرویشن میں اضافے کے لیے اپنی تحریک اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک پسماندہ طبقات کو 27 فیصد حق نہیں مل جاتا۔ انہوں نے تنظیم کو گاؤں اور پنچایت کی سطح تک پھیلانے کا عزم ظاہر کیا۔ اجلاس میں سرجیت ناگ والا، راکیش کشواہا، اور درجنوں ضلعی صدور نے شرکت کی اور نوجوانوں کو او بی سی کانگریس سے جوڑنے کا عہد کیا۔ پروگرام کی نظامت پرویز عالم نے کی اور شکریہ کی تحریک سرجیت ناگ والانے پیش کی۔



