جدید بھارت نیوز سروس
نئی دہلی، 13 جولائی (یو این آئی) جھارکھنڈ میں کانگریس لیڈروں کے درمیان تنازعہ کے سبب پارٹی اعلی کمان نے ریاست کے تمام ایم ایل ایز کو پیر کو یہاں میٹنگ کے لیے طلب کیاہے۔ جھارکھنڈ میں جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) اور کانگریس کی مخلوط حکومت بننے کے بعد کانگریس لیڈروں کے بیانات سامنے آرہے ہیں۔ حال ہی میں کانگریس کے جھارکھنڈ انچارج کے راجو نے اس طرح کے عوامی بیانات پر اعتراض ظاہر کیا تھا اور پارٹی لیڈروں کو مشورہ دیا تھا کہ وہ باہمی تنازعات پر عوامی بیانات نہ دیں۔پارٹی ذرائع کے مطابق اس کے پیش نظر ریاست کے تمام کانگریس ایم ایل اے اور پارٹی کوٹے کے تمام وزراء کو قومی راجدھانی بلایا گیا ہے اور 14 جولائی کو وہ پارٹی کے سابق قومی صدر راہل گاندھی سے ملاقات کریں گے۔ مسٹر راجو اور ریاستی صدر کیشو مہتو کملیش بھی میٹنگ میں شرکت کریں گے۔اس دوران ریاست کے وزیر صحت عرفان انصاری نے رانچی میں نامہ نگاروں سے کہا کہ حکومت بننے کے بعد تمام ایم ایل اے اور وزیر مسٹر گاندھی سے نہیں مل سکے تھے لہذا اب انہوں نے ملاقات کا وقت دیا ہے، اس لیے سبھی لیڈر دہلی جا رہے ہیں۔راجندر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(آر آئی ایم ایس) اسپتال کے ڈائریکٹر کو ہٹانے اور آر آئی ایم ایس-2 اسپتال کی مجوزہ تعمیر کے لئے جھارکھنڈ ریاستی کانگریس کے لیڈروں کے درمیان حال ہی میں تنازعہ سامنے آیا ہے۔



