امن و امان اور جرائم پر قابو پانے کے سلسلے میں تفصیلی بات چیت کی
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 9؍ اکتوبر: صدر آدتیہ ملہوترا کی قیادت میں جھارکھنڈ چیمبر آف کامرس کے ایک وفد نے آج پولیس ہیڈکوارٹر میں ڈی جی پی انوراگ گپتا کے ساتھ ریاست میں امن و امان اور جرائم پر قابو پانے کے سلسلے میں تفصیلی بات چیت کی۔بات چیت کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا کہ ڈی جی پی کی صدارت میں سوموار 13 اکتوبر 2025 کو ایک بڑی آن لائن میٹنگ منعقد کی جائے گی جس میں امن و امان اور جرائم کی روک تھام پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ میٹنگ میں تمام اضلاع کے سینئرسپرنٹنڈنٹس آف پولیس؍سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کے علاوہ ڈسٹرکٹ چیمبرز آف کامرس کے صدور اور سیکرٹریز شرکت کریں گے۔ ڈی جی پی کے دفتر نے اس سلسلے میں ہدایات جاری کرتے ہوئے تمام اضلاع کے پولیس افسران سے کہا ہے کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں مقامی ڈسٹرکٹ چیمبرز آف کامرس کے ساتھ میٹنگ سے قبل کاروبار سے متعلق مسائل اور تجاویز کو اکٹھا کریں۔اس موقع پر چیمبر کے صدر آدتیہ ملہوترا نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد ریاست میں امن و امان کو مزید مستحکم کرنا اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے ایک محفوظ اور سازگار ماحول کو یقینی بنانا ہے۔ جھارکھنڈ چیمبر نے تمام ڈسٹرکٹ چیمبر آف کامرس کو خط و کتابت کے ذریعے اس کی اطلاع دی ہے۔میٹنگ کے دوران ریاست میں سائبر کرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وفد نے تجویز پیش کی کہ سائبر کرائم کے واقعات کے لیے بینکوں کو جوابدہ ہونا چاہیے۔چیمبر کی درخواست پر ڈی جی پی نے جلد ہی سائبر کرائم کی روک تھام اور بینکنگ سیکیورٹی پر خصوصی اجلاس بلانے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آئی ٹی ایکٹ کے سیکشن 46 کے تحت متاثرین کو معاوضہ دینے کا بھی انتظام ہے۔ میٹنگ کے دوران راجدھانی رانچی میں ٹریفک نظام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس میں بہتری کی ضرورت پر زور دیا گیا۔وفد میں چیمبر کے صدر آدتیہ ملہوترا، نائب صدر رام بانگڑ، پروین لوہیا، جوائنٹ سکریٹری نوجوت النگ، اور روہت پودار شامل تھے۔



